قبل ازوقت مبارکبادیں وصول کرنے والے اب پھنس گئے ہیں: عبدالوہاب۔


ایبٹ آباد:سابق ممبر ضلع کونسل عبدالوہاب نے کہاہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرکے قبل از وقت مبارکبادیں وصول کرنے کے شوقین جب پھنس جاتے ہیں تو پھر ہمارے اوپر الزام تراشیاں شروع کردیتے ہیں۔ عدالتی فیصلے کو تسلیم کیاجائے۔ ان لوگوں کو چاہئے کہ قبل ازوقت مبارکبادیں نہ لیں۔ حلف اٹھانے کے بعد مبارکبادیں لینا ان کا حق بنتاہے۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران عبدالوہاب کا کہناتھاکہ یہ لوگ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ یہ لوگ بجٹ پر حکم امتناعی کارونا روتے پھر رہے ہیں۔ ضلع کونسل کے بجٹ پر پی ٹی آئی کے ق لیگی گروپ نے عدالت سے حکم امتناعی لیا۔ دو سال ان لوگوں کی وجہ سے بجٹ کیخلاف حکم امتناعی عدالت میں چلتا رہا۔ ہم نے عدالت سے کیس بھی جیت لیا۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع کونسل کا بجٹ استعمال کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

عبدالوہاب نے مزید کہا کہ ضلع کونسل کے بجٹ کو استعمال کرنے کیلئے آئینی ترمیم بھی کردی گئی تھی۔ یہ لوگ اب کس کا انتظار کررہے ہیں؟ ضلع کونسل کے بجٹ کو استعمال کرنے کا اختیار ڈپٹی کمشنر کے پاس ہے۔ ممبران ضلع کونسل اپنے فنڈز استعمال کرسکتے ہیں۔ ان لوگوں کو علی خان جدون کے ضلع ناظم بننے کا انتظار پہلے ہی مہنگا پڑچکاہے۔ اور اب یہ لوگ مزید وقت ضائع کررہے ہیں۔ ضلع کونسل کا اگلے سال کا بجٹ آخری بجٹ ہوگا۔ سب کو اچھی طرح معلوم ہے کہ کس نے بجٹ کو روک کررکھاہواہے؟ اور کون عوام کے حق کا دشمن بناہواہے؟قانون یہ کہتاہے کہ پہلے یونین کونسلوں میں الیکشن ہونگے۔ اس کے بعد مخصوص نشستوں پر انتخاب کیاجائے گا۔ ان لوگوں نے جلد بازی میں جو مخصوص نشستوں پر من پسند افراد کو لگایاہے۔ غیرقانونی اقدامات کی وجہ سے ان لوگوں نے اپنے آپ کو بند گلی میں پھنسادیاہے۔


Comments

comments