تھانہ میرپور کے کرپٹ تفتیشی نے موٹرسائیکل چور کو رہا کردیا۔ 


ایبٹ آباد:تھانہ میرپور کے کرپٹ تفتیشی نے موٹرسائیکل چور کو رہا کردیا۔ پولیس کا مدعی پر کارلفٹرسے راضی نامہ کیلئے دباؤ۔ اگرتم راضی نامہ نہیں کروگے تو یہ عدالت سے ضمانت پر رہا ہوجائے گا۔ تمہیں کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔ تھانہ میرپو رکے تفتیشی سلطان شاہ نے بھاری نذرانوں کے عوض تھانہ میں اپنی عدالت لگادی۔ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بھی خاموش۔اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ عیدالاضحی سے ایک روز قبل منڈیاں میں موٹرسائیکلوں کی خریدوفروخت کرنیوالے یاسر کے پاس ایک شخص آیا اور موٹرسائیکل خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مذکورہ شخص نے ایک ون ٹوفائیو موٹرسائیکل پسند کیا اور اس کو ٹرائی کرنے کے بہانے لیکر گیا اور موٹرسائیکل سمیت غائب ہوگیا۔ یاسر نے موٹرسائیکل چوری کی رپورٹ تھانہ میرپور میں درج کروانے کی کوشش کی۔ لیکن تھانہ میرپور کے اہلکاروں نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔ نہ ہی موٹرسائیکل کی برآمدگی اورملزم کی گرفتاری کیلئے کوئی کوشش کی۔ جس پر یاسر نے اپنے طور پر ملزم کی شناخت کیلئے چھان بین شروع کی۔ اور کئی دنوں کی سرتوڑ کوششوں کے بعد ملزم کا نام عاطف ولدنورالرحمن سکنہ بالاکوٹ معلوم ہوا۔ پولیس کی بجائے مدعی یاسر بالاکوٹ، شنکیاری اور دیگرمقامات پر اپنے طور پر موٹرسائیکل تلاش کرتارہا۔ لیکن اسے کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

تین ہفتوں کے بعد یاسر کا موٹرسائیکل حویلیاں میں دیکھا گیا۔ جس پر یاسر نے موٹرسائیکل کا سراغ لگاکر تھانہ میرپو ر کے تفتیشی سلطان شاہ سے رابطہ کیا۔ جس پر تھانہ میرپور کی نفری نے حویلیاں میں چھاپہ مار کر یاسر کے موٹرسائیکل سمیت چوری کے کئی موٹرسائیکل برآمد کرلئے جبکہ ملزم عاطف کو بھی گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل چور عاطف نے گرفتاری کے بعد پولیس کے تفتیشی سلطان شاہ کو بھاری رشوت دے دی۔ جس کے عوض تفتیشی سلطان شاہ نے کئی روز تک عاطف کو تھانے میں پابند سلاسل رکھا۔ لیکن اس کیخلاف کوئی ایف آئی آر تک درج نہیں کی۔ اس دوران تفتیشی سلطان شاہ نے تھانہ میں اپنی عدالت لگائی رکھی اور مدعی پر دباؤ ڈالا جاتارہا کہ وہ موٹرسائیکل چور عاطف سے راضی نامہ کرلے ۔ لیکن یاسر موٹرسائیکل چور عاطف کو سخت سے سخت سزا دلوانے پر بضد رہا کہ یہ لوگوں کے قیمتی موٹرسائیکل چوری کرتاہے۔ یاسر کی شکایت پر صحافیوں کی ایک ٹیم نے بدھ کی شام تھانہ میرپور کا دورہ کیا۔ جہاں عاطف نامی موٹرسائیکل چورتھانہ میرپو رکی حوالات میں بند تھا۔

ذرائع کے مطابق بدھ کی رات کیس کے تفتیشی سلطان شاہ نے بھاری رشوت کے عوض موٹرسائیکل چور عاطف کو رہا کردیا۔ موٹرسائیکل چور کی تھانہ میرپور سے باعزت رہائی کی خبرپر شہریوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ رینج اور ڈی پی او ایبٹ آباد سے مطالبہ کیاہے کہ کرپٹ تفتیشی سلطان شاہ کو فوری طور پر معطل کرکے رہا کئے جانیوالے موٹرسائیکل چور کر فوری طور پر گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کی جائے۔


Comments

comments