ضلع ناظم الیکشن : نون لیگ نے بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دے دیئے۔ کرنل (ر) سردارشبیر بھاری اکثریت سے ایبٹ آباد کے ضلع ناظم منتخب۔


ایبٹ آباد:ضلع ناظم الیکشن : نون لیگ نے بھی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دے دیئے۔ کرنل (ر) سردارشبیر بھاری اکثریت سے ایبٹ آباد کے ضلع ناظم منتخب۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ ضلع ناظم کے چناؤ کیلئے الیکشن ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد کی سربراہی میں منعقد ہونیوالے اس الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ضلع کونسل نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار محمد یعقوب کے فرزند کرنل (ر) سردار شبیر کو ضلع ناظم جبکہ کامران گل ایڈوکیٹ عرف نومی کو ضلعی نائب نظامت کا امیدوار نامزد کیاگیا۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے کسی ضلعی نظامت کیلئے کوئی بھی امیدوار نامزد نہیں کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق ضلعی نظامت کے الیکشن سے قبل پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کی قیادت کے مابین پی ٹی آئی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کیلئے معاملات طے ہوگئے تھے۔ جس کی وجہ سے مسلم لیگ(ن) نے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا۔

مسلم لیگ(ن) کے ممبر ضلع کونسل شوکت ہارون خان نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں کو بتایاکہ ہمارے پاکستان تحریک انصاف کیساتھ معاملات حل ہوگئے تھے۔ جس کی وجہ سے سردار مہتاب احمد خان عباسی کے فرزند شمعون یار خان سمیت مسلم لیگ(ن) کے تمام ممبران نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے حق میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے کرنل (ر) سردار شبیر کی بحیثیت ضلع ناظم اور کامران گل ایڈوکیٹ عرف نومی کی بحیثیت ضلع نائب ناظم کامیابی کا اعلان کیا۔ ووٹنگ میں مسلم لیگ(ن) اورپی ٹی آئی کے 71ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔جبکہ سات ممبران غیرحاضررہے۔


Comments

comments