الیکشن میں ٹیکنیکل بنیادوں پر دھاندلی کی گئی : سیّدسلیم شاہ۔


ایبٹ آباد:سابق امیدوارصوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 38سیّد سلیم شاہ نے کہاہے کہ حالیہ انتخابا ت میں ریکارڈ ساز دھاندلی کی گئی ، جس کے خلاف احتجاج کا راستہ اپنائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس آف ہزارہ سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔ سیّدسلیم شاہ کا کہناتھاکہ اس بار جس طرح ٹیکنیکل بنیادوں پر دھاندلی کی گئی اس کی مثال اس سے قبل نہیں ملتی ، موبائل ایپ کے ذریعے سے دھاندلی کا ایک نیا طریقہ ایجاد کیا گیا جس سے انتخابی نتائج نہ صرف تبدیل کئے گئے، بلکہ عوام کے مینڈیٹ کو بھی پامال کیا گیا ہے ، جس کے خلاف عوام کا حق ہے کہ وہ احتجا ج کریں اور ہم جلد ہی لائحہ عمل طے کر کے ہونے والی دھاندلی کے خلاف ثبوتوں سمیت احتجاج کریں گے ۔

سلیم شاہ نے کہا کہ ملک کی دیگر پارٹیوں کے ساتھ مل کر پاکستان تحریک انصاف اور اداروں کی ملی بھگت سے ہونے والی اس دھاندلی کو سامنے لائیں گے تاکہ کوئی بھی یوں عوامی مینڈیٹ کی پامالی کی مستقبل میں جرات نہ کر سکے ، انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ ہار جیت سیاست کا حصہ ہے لیکن بے اصولی کی سیاست کو ہم تسلیم نہیں کر سکتے ، زمینی حقائق کچھ اور بیان کر تے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے اعداد شمار کچھ اور ہی کہانی بیان کر ر ہے ہیں ، ہم ہار کو کھلے دل سے تسلیم کر لیتے مگر ہمارے ساتھ دھاندلی کی گئی ہے جس کے خلاف ہم دیگر جماعتوں کی طرح سراپا احتجاج رہیں گے ۔


Comments

comments