حویلیاں تادہمتوڑبائی پاس بھی ٹوپی ڈرامہ نکلا۔ 


ایبٹ آباد:حویلیاں تادہمتوڑبائی پاس بھی ٹوپی ڈرامہ نکلا۔ افتتاح کے چند دن کے بعد ہی مشینری غائب۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ حویلیاں تا دہمتوڑبائی پاس کے منصوبے کو پی ٹی آئی کی حکومت نے دو مرتبہ اے ڈی پی میں ڈالا۔ لیکن ہری پور کے سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے ایبٹ آباد کے اراکین اسمبلی کی سستی اور نااہلی کی وجہ سے دونوں مرتبہ اس بائی پاس کے فنڈز ہری پور منتقل کروالئے۔ ہری پور بائی پاس کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ گزشتہ ماہ 26 مئی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے حکومت کی مدت پوری ہونے سے چند روزقبل نے حویلیاں ایوب پل تا دہمتوڑ بائی پاس کا افتتاح کیا۔ اور اعلان کیاکہ نو ماہ میں اس بائی پاس کا کام مکمل ہوجائے گا۔ حویلیاں کے مکینوں کے مطابق حویلیاں تادہمتوڑبائی پاس بھی ٹوپی ڈرامہ نکلاہے۔ افتتاح کے چند دن بعد ہی یہاں سے مشینری وغیرہ منتقل کرلی گئی تھی۔ اور اب یہاں پر سوائے چونے کے نشانات کے کچھ بھی نہیں ہے۔ اوربادی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ حویلیاں تادہمتوڑبائی پاس کے نام پر ایبٹ آباد کے منتخب نمائندوں نے ووٹوں کی خاطر شہریوں کو ایک مرتبہ بیوقوف بنانے کی کوشش کی ہے۔


Comments

comments