حطارمیں پولیس مقابلہ مشہورڈکیت گولی لگنے سے گھائل۔


حطار(سہیل خان)ایس ایچ اوتھانہ حطار علی جدون نے مفرور ڈکیت گرفتار کرلیا جبکہ ساتھی بھاگنے میں کامیاب۔پولیس ذرائعکے مطابق ایس ایچ اوتھانہ حطار علی خان جدون نے بمع نفری بلال مسجد انڈسٹری روڈ مخبر کی اطلاع پرحطار تھانہ کے بارڈر پر کوٹ نجیب اللہ تھانہ کی حدود میں ناکہ بندی کی۔ اسی دوران دو موٹر سائیکل سوار ہنڈا 125 سرخ رنگ کے ڈنگی کی جانب سے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ آرہے تھے جن کو پولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو ڈکیت ملزمان نے موٹر سائیکل پولیس کے جوان پر چڑھا دی جس پر بمشکل پولیس کے جوان نے جان بچائی اور موٹر سائیکل اپنا توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے کچھ گز کے فاصلے پر گر پڑا۔ اسی اثنا میں پولیس اہلکاروں نے ایک مفرور ڈکیت وسیرت الدین عرف بصریت ولد فضل قوم قریش سکنہ بھیڈیاں کو پکڑ لیا جس پر ملزم کے ساتھی ہاشم مرتضیٰ سکنہ ترکھان موہڑہ بھیڈیاں نے پولیس پر فائرنگ کردی ۔جس سے مفرور ڈکیت اپنے ساتھی کی گولی جو ٹانگ پر لگی زخمی ہوگیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ہاشم مرتضیٰ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے فوری طور پر مفرور زخمی ڈکیت کو گرفتار کرکے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا جہاں پر ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ ملزم تھانہ سٹی ہری پور میں 2012 سے مقدمہ نمبر 695 زیر دفعہ 382۔34PPC میں مفرور ہے۔ جبکہ ملزم کے خلاف پنجاب تھانہ مندرہ میں مقدمہ نمبر 392 سال 2018 زیردفعہ 392۔34 مقدمہ درج ہے اور ملزم پنجاب پولیس کو درجن بھر ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب ہے۔ ملزم علاقہ بھیڈیاں اور پنجاب کا نامی گرامی ڈکیت ہے۔ اس کے قبضہ سے 30 بور پستول بمع میگزین اور 6 کارتوس ہمراہ کمر بند گٹھہ برآمدکیاگیا۔مفرور ڈکیت وسیرت عرف بصیرت سکنہ بھیڈیاں کو تھانہ سٹی نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ کوٹ نجیب اللہ میں حطار پولیس کی مدعیت میں مقدمہ 186۔189۔353۔15AA۔324 اقدام قتل و دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔

ایس ایچ اوتھانہ حطار علی خان جدون کا کہنا ہے کہ ملزمان حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈکیتی کی نیت سے آرہے تھے کیونکہ مہینے کے آغاز میں تمام فیکٹریوں نے ملازمین کو تنخواہیں دینا ہوتی ہیں اور اس سلسلہ میں فیکٹریوں کی گاڑیاں بینک سے کیش لاتی ہیں۔ ملزمان بھی کسی فیکٹری کی گاڑی سے کیش چھیننے کی غرض سے انڈسٹریل اسٹیٹ آرہے تھے مگر ڈکیتوں کے ارمانوں پر حطار پولیس نے پانی پھیرتے ہوئے ایک مفرور ڈکیت کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس سلسلہ میں حطار پولیس اور کوٹ نجیب اللہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ جبکہ دوسری جانب ایچ ایچ اوتھانہ حطار علی خان جدون کی بروقت کاروائی سے مفرور ڈکیت کسی بڑی ڈکیتی کی واردات کرنے سے پہلے ہی گرفتار ہوگیا۔ حاجی طیب خان سواتی نائب صدر چیمبر آف کامرس نے پولیس کو ڈکیت گرفتار کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے کہا ہے کہ مفرور ڈکیت گرفتار کرنے پر پولیس پارٹی کو اعزازی سرٹیفیکیٹ اور انعامات سے نوازیں۔


Comments

comments