غیرملکیوں نے پرس سے نشہ آور دواسے آڑھتی کو بے ہوش کرکے لوٹ لیا۔


ایبٹ آباد:پرس سے نکلنے والی نشہ آوردواسے آڑھتی بے ہوش۔ غیرملکی پونے دولاکھ لوٹ کر فرار۔ اس ضمن میں نیوسبزی منڈی میں آڑھتی کا کاروبار کرنیوالے شہزاد اینڈ کو کے مالک دل نواز ولد تاج ملوک نے تھانہ کینٹ اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ وہ اپنی شاپ پر بیٹھے ہوئے گاہکوں کا انتظا ر کررہے تھے کہ دوغیرملکی آدمی ان کے پاس آئے اورسبز مرچیں خریدیں۔ جس کے بعد ایک شخص نے اپنے کوٹ کی جیب سے ایک بڑاپرس نکال کر میرے منہ کے سامنے رکھا جو کہ سعودی ریال کے نوٹوں سے بھرا ہواتھا۔ اس میں سے پانچ سو ریال کا نوٹ نکال کر اس شخص نے مجھے دیا۔ اسی اثناء میں اس نے اپنے پرس کو دو مرتبہ کھولا اور بند کیا۔ جس کے بعد میں فوری طور پر بے ہوش ہوگیا۔ اور دونوں غیرملکی میری شلوار کی جیب میں موجود ایک لاکھ 75 ہزار روپے کی رقم نکال کر فرار ہوگئے۔ مجھے کئی گھنٹوں کے بعد ہوش آیا۔

دل نواز نے مزید بتایاکہ میں نے اپنے طور پر ان غیرملکیوں کے بارے میں پتہ کیا تو معلوم ہواکہ یہ دونوں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے فراہم کی جانیوالی ایک پیلی ٹیکسی گاڑی میں سوار ہوکر آئے تھے۔ جس پر نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی۔ جبکہ قبل ازیں اسی طرز کی دو وارداتیں سبزی منڈی میں ہوچکی ہیں۔ تھانہ کینٹ میں واردات کی رپورٹ درج کروانے گیا۔ لیکن کینٹ پولیس کے اہلکاروں نے سادہ کاغذ پر خود ہی درخواست لکھ کر مجھ سے دستخط کروا کر اپنے پاس رکھ لی ہے۔ جبکہ میری ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی۔ دل نواز نے ڈی آئی جی ہزارہ اور ڈی پی او سے مطالبہ کیاکہ میری ایف آئی آر درج کی جائے اور نوسربازی کے ذریعے ڈکیتی کرنیوالے افراد کو فوری طور پر گرفتار کیاجائے۔


Comments

comments