ایبٹ آباد :ایوب ٹیچنگ ہسپتال مدر اینڈ چائلد ہیلتھ سنٹر میں لیپروسکوپک سرجری شروع کر دی گئی ۔ اسکے ساتھ ساتھ نئی شروع کی گئی 450بیڈز ہسپتال میں ایمرجنسی سرجری کے علاوہ عام اور خاص آپریشن کیلئے ایک مزید آپریشن تھیٹر چلا دیا گیا ہے۔ لیپروسکوپ کے ذریعے پہلے صرف مرض کی تشخیص کی جاتی تھی اب نئے آپریشن تھیٹر کے قیام سے لیپروسکوپک آپریشنز بھی شروع کر دیئے گئے ہیں ۔جو کہ علاقہ کے عوام کیلئے ایک بہت بڑی خوشخبری ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رووبینہ بشیر چیئرپرسن گائنی ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ انکی ڈاکٹرز کی ٹیم جو کہ خصوصی تربیت رکھتی ہیں اور آغا خان یونیورسٹی ہاسپٹل سے تربیت حاصل کر چکی ہیں اور اب یہ نئی سہولیات عوام کیلئے انکی زیرنگرانی کھول دی گئی ہیں جس سے علاقہ کی عوام مستفید ہونگی ۔

ڈاکٹر روبینہ بشیر نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ محدود و دستیاب وسائل کے اندر رہ کر عوام کی بہترین خدمت یقینی بنائی جا سکے ۔ مزید سٹاف میسر آنے کے بعد بقایا آپریشن تھیٹرز بھی چلائے جائیں گے ۔ آٹھ آپریشن تھیٹرز میں سے چار آپریشن تھیٹرز چلائے جا چکے ہیں ۔ گذشتہ روز ڈاکٹر شہلا نور ،ڈاکٹر رقیہ سلطانہ ایوسی ایٹ پروفیسرز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پہلالیپروسکوپک کامیاب آپریشن کیا جبکہ دوسرے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹر بشری خان جو کہ کینسر کے علاج اور سرجری میں خصوصی تربیت رکھتی ہیں انہوں نے مریض کا کینسر کا کامیاب آپریشن کیا ۔