ویلڈنگ کے شعلے سے خوفناک آتشزدگی ۔چارکروڑ کا نقصان۔ 


ایبٹ آباد:ویلڈنگ کے شعلے اورریسکیوڈبل ون ڈبل ٹو کی نااہلی : خوفناک آتشزدگی سے دوکانیں جل کر خاکستر۔ چارکروڑکا نقصان۔ اس ضمن میں مقامی ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ منگل کی صبح دس بجے آرمی برن ہال کالج منڈیاں کے سامنے واقع عباسی فوم کے دوکان کی چھت پر ویلڈنگ کا کام کیاجارہاتھا۔ جبکہ نیچے دوکان میں فوم کے گدے وغیرہ پڑے ہوئے تھے۔ دوران ویلڈنگ کارکنوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی حفاظتی تدابیر نہیں کی گئیں۔ جس کی وجہ سے ویلڈنگ کے شعلے فوم پر گرے جنہوں نے چند سکینڈوں میں آگ پکڑلی اور یہ آگ پوری دوکان میں پھیلنا شروع ہوگئی۔ آتشزدگی کی اطلاع ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو دی گئی۔

ABBOTTABAD: Mar13 – A local men & Rescue workers trying to control huge fire in front of Army Burn Hall College. Several Shops burnt due to Spark of Welding Plant on Tuesday. ONLINE PHOTO by Sultan Dogar

مقامی لوگوں کے مطابق ریسکیو کی پہلی فائربریگیڈگاڑی موقع پر پہنچی تو اس میں پانی بھی نہیں تھا جبکہ اس کی پریشر بنانے والی موٹربھی خراب تھی۔ جس کی وجہ سے آگ مکمل طور پر پھیل گئی۔ اس دوران دیگر فائربریگیڈ گاڑیوں کو طلب کیاگیا لیکن ان کے پہنچنے تک عباسی فوم میں بھڑکنے والی آگ ساتھ ملحقہ الیکٹرانکس کی دوکان اور موٹرسائیکلوں کے شوروم تک پہنچ گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے دھویں کے باد ل میلوں دورسے دکھائی دیتے رہے۔ آتشزدگی کے دوران الیکٹرانکس اورموٹرسائیکلوں کے شوروم کو بھی نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں اور ریسکیو کے اہلکاروں نے جانفشانی سے کام کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ جبکہ مقامی لوگوں نے بھی ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی میرپور سرکل امجدحسین، ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ جبکہ شاہراہ ریشم پر کافی دیر تک ٹریفک بند رہی۔ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ موقع پر آتشزدگی کے مناظر دیکھنے کیلئے جمع رہے۔عباسی فوم کے مالک شیراز عباسی نے صحافیوں کو بتایاکہ دوکان میں موجود تمام سامان جل کر راکھ بن گیاہے۔ کوئی بھی چیز نہیں بچی۔ آتشزدگی کے دوران مارکیٹ میں کھڑے موٹرسائیکل بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے دوران چار کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا۔

فائربریگیڈ کی گاڑی کی موٹرایک مقامی نوجوان نے پائپ کھینچتے ہوئے خراب ہوئی: فوادچوہدری ترجمان ریسکیو۔

ایبٹ آباد:ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے ترجمان فواد بخاری نے کہاہے کہ ریسکیو کے فائربریگیڈ کی گاڑی کی موٹرایک مقامی نوجوان نے پائپ کھینچتے ہوئے خراب ہوئی۔ تاہم اس کے باوجود بھی ریسکیو کے اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران فواد بخاری کا کہناتھاکہ ریسکیو کے اہلکار چھ منٹ کے اندر آتشزدگی والی جگہ پر پہنچے تھے۔ جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک مقامی نوجوان نے فائر بریگیڈ گاڑی کے پائپ کو غلط طریقے سے کھینچنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے گاڑی کی پریشر بنانے والی موٹر خراب ہوگئی۔

ABBOTTABAD: Mar13 – Local men pushing a burnt motorcycle during huge fire in front of Army Burn Hall College. Several Shops burnt due to Spark of Welding Plant on Tuesday. ONLINE PHOTO by Sultan Dogar

آتشزدگی کے دوران تاجروں اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں میں ہاتھاپائی۔

ایبٹ آباد:آتشزدگی کے دوران تاجروں اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں میں ہاتھاپائی۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ آرمی برن ہال کالج کے سامنے فوم کی دوکان میں آتشزدگی کے دوران آگ پچھلے دوکانوں کی طرف پھیل رہی تھی۔ اس دوران کنٹونمنٹ بورڈ کی آنیوالی فائربریگیڈ گاڑی کو ٹریفک اہلکاروں نے مارکیٹ کے اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ جس پر متاثرہ ایک دوکاندار نے پولیس اہلکاروں کیساتھ ہاتھا پائی شروع کردی تاہم مقامی لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔ جس کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی کو مارکیٹ کی پچھلی سائیڈ پر آنے کی اجازت مل گئی۔

ABBOTTABAD: Mar13 – Local men standing Outside a burning shop, in front of Army Burn Hall College. Several Shops burnt due to Spark of Welding Plant on Tuesday. ONLINE PHOTO by Sultan Dogar

مانسہرہ روڈ کی سائیڈ سے گزرنے والے گندے پانی سے مقامی لوگ آ گ بجھاتے رہے۔

ایبٹ آباد:مانسہرہ روڈ کی سائیڈ سے گزرنے والے گندے پانی سے مقامی لوگ آ گ بجھاتے رہے۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ آرمی برن ہال کالج کے سامنے فوم کی دوکان میں آتشزدگی کے دوران آگ پچھلے دوکانوں کی طرف پھیل رہی تھی۔تاہم مقامی نوجوان آتشزدگی سے متاثرہ مارکیٹ کے سامنے سے گزرنے والے گندے پانی کے نالے سے اپنی مدد آپ کے تحت پانی بھر کر آگ پر پھینکتے رہے۔

ABBOTTABAD: Mar13 – Local men standing Outside a burning shop, in front of Army Burn Hall College. Several Shops burnt due to Spark of Welding Plant on Tuesday. ONLINE PHOTO by Sultan Dogar

محکمہ سوئی گیس نے بروقت سی این جی اسٹیشن کی گیس منقطع کردی۔

ایبٹ آباد:محکمہ سوئی گیس کی بروقت کارروائی۔ آتشزدگی سے متاثرہ مارکیٹ کے قریب سی این جی اسٹیشن کی گیس منقطع کردی۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ آرمی برن ہال کالج کے سامنے فوم کی دوکان میں آتشزدگی کے دوران آگ پچھلے دوکانوں کی طرف پھیل رہی تھی۔ مارکیٹ کے ساتھ منسلک سی این جی اسٹیشن بھی آتشزدگی کی زد میں آرہاتھا ۔ تاہم محکمہ سوئی گیس کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سی این جی اسٹیشن کی گیس منقطع کردی۔


Comments

comments