مہتاب عباسی گروپ کھل کر مرتضیٰ جاوید عباسی کیخلاف میدان میں آگیا۔


ایبٹ آباد:شیر کا نشان ہماری پہچان، پارٹی ٹکٹ کا حامل شخص ہمارا امیدوار ہوگا، بے داغ ماضی، کرپشن سے پاک ، بدعنوانی، لوٹ مار سے پاک شخص کو میدان میں لایاجائے جو عوامی نمائندگی کیلئے جرات کا مظاہرہ کر سکے ، سابقہ ادوار میں ذاتی مفادات کیلئے جی ڈی اے کو ضلع کے تسلط سے نکال کر پشاور لے جایا گیا جس سے علاقہ کے عوام اور ضلع کو شدید نقصان پہنچا، محکمہ جنگلات و جی ڈی اے کے مظالم پر زبان بند رکھنے والے کسی صورت عوامی نمائندگی کیلئے موزوں نہیں، انتخابات2018ء میں نئی تاریخ رقم کرکے عوامی بھاری مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کرینگے، ان خیالات کااظہار سنیٹر بیرسٹرجاوید عباسی، ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ، شمعون یار خان، احمدنواز خان جدون، سردار ذوق اختر، سردار فضل الرحمن، طاہر سلطان، ملک محمود ودیگر نے نتھیا گلی کے مقامی ہوٹل میں آمدہ انتخابات2018ء کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہزارہ کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردارادا کیا اور ہزارہ کے تمام میگاپراجیکٹس ن لیگ کے مرہون منت ہیں، ہزارہ موٹر وے گلیات کو سوئی گیس فراہمی، بجلی سے محروم علاقوں میں بجلی کی فراہمی سمیت سڑکوں و دیگر تعمیراتی منصوبوں نے عوام کی زندگی کا معیار بلند کر دیا، انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ میں ٹکٹوں کے حوالے سے کوئی رسہ کشی اور محاذ آرائی نہیں اور جس کے پاس شیر کا نشان ہوگا وہی ہمارا سب کا امیدوار ہوگا جس کی کامیابی کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیاجائے گا، انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سابقہ قیادت نے ذاتی مفادات کو عوامی مفادات پر فوقیت دی اور ذاتی فائدے کیلئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ایک منصوبہ بندی اور مفاد کے حصول کیلئے ایبٹ آباد سے پشاور منتقل کر دیا گیا، جس کے نقصانات نہ صرف ضلع ایبٹ آباد کو ہوئے بلکہ علاقہ گلیات کے عوام اس فیصلے سے محرومیوں کا شکار ہو کر رہ گئے ، انہوں نے کہا کہ مفاداتی ٹولے نے عوامی مسائل میں ہمیشہ عوام سے دھوکہ کیا اور جنگلات کے مسئلہ پر سلیمانی ٹوپی پہن کر عوام کی آنکھوں سے اوجھل ہو گئے ، انہوں نے کہا کہ عوام ان بہروپیوں اور کرپٹ ٹولے کو بھرپور طریقے سے پہچان چکے ہیں اور انتخابات2018ء میں گلیات کے عوام اپنے محسن کا قرض اتارتے ہوئے ن لیگ کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی اور پارٹی نے جس شخص کو ٹکٹ دیا اس کی الیکشن مہم میں اپنا بھرپور کردارادا کریں گے۔


Comments

comments