این ٹی ایس کا پرچہ آؤٹ کرنے پر منظورقادرسمیت چارافراد کیخلاف مقدمہ درج۔


ایبٹ آباد:این ٹی ایس کا پرچہ آؤٹ کرنے پر ایوب میڈیکل کالج کے لیکچرار منظور قادرسمیت چار افراد کیخلاف مقدمہ درج۔ ملزمان نے عبوری ضمانتیں کروالیں۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ چند روز قبل ایوب میڈیکل کالج میں این ٹی ایس کے زیر اہتمام پرائمری اسکول ٹیچرز کی خالی پوسٹ پر امیدواروں سے ٹیسٹ لیاگیا۔ این ٹی ایس کی جانب ٹیسٹ لینے کی ذمہ داری ایوب میڈیکل کالج کے مطالعہ پاکستان کے لیکچرار منظور قادر، فیصل، ایاز قریشی اور عمر تاج کے ذمہ تھی۔

ذرائع کے مطابق چاروں نے مخصوص امیدواروں سے لاکھوں روپے وصول کئے اور این ٹی ایس کے پرچے آؤٹ کردیئے۔ جس کی اطلاع این ٹی ایس کی انتظامیہ کو مل گئی۔ این ٹی ایس کی انتظامیہ نے انکوائری کے بعد چاروں کوقصور وار قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف تھانہ میرپور میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے چھٹی ارسال کی۔ جس کے بعد چاروں ملزمان کیخلا ف تھانہ میرپور میں علت نمبر:222 ، جرم : 408 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بدھ کے روز چاروں ملزمان نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانتیں کروالی ہیں۔


Comments

comments