ضمنی بلدیاتی انتخابات کیخلاف حکم امتناعی جاری۔ 


ایبٹ آباد:عام اورضمنی انتخابات ایک ساتھ ہونے کا امکان۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیخلاف پشاور ہائیکورٹ نے حکم امتناعی جاری کردیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ سابق ممبر ضلع کونسل نذیر عباسی اور امیدوار ضلع کونسل ذوالفقار عباسی نے جمعرات کے روز سردار تیموراسلم ایڈوکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیاکہ یونین کونسل نملی میرا میں برفباری کی وجہ سے ضمنی بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں۔ تاہم بکوٹ میں موسم کی صورتحال نملی میرا سے بھی زیادہ خراب ہے۔ لہٰذا ستدعا ہے کہ بکوٹ سمیت دیگر یونین کونسلوں میں ہونیوالے ضمنی انتخابات عارضی طور پر ملتوی کئے جائیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے ڈبل بینچ نے انیس فروری کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کیخلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پیشی چھ فروری مقرر کردی ہے۔ جبکہ دوسری جانب عدالت نے یوسی نملی میرااور نذیر عباسی کی پٹیشن کوایک یکجا کردیاہے۔ اور دونوں پٹیشنوں کی سماعت ایک ساتھ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ مئی میں عام انتخابات کی مدت پوری ہوجائے گی۔ اور ضمنی انتخابات کیخلاف ہونیوالا حکم امتناعی بھی مارچ اپریل تک قائم رہنے کی توقع ہے۔ جس کی وجہ سے قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ کیہال، سلہڈ اور بکوٹ کے ضمنی انتخابات عام انتخابات کیساتھ ہی ہونگے۔


Comments

comments