مردم شماری: گلیات کے تین حلقوں کو دو میں تبدیل کرنے کا فیصلہ۔ 


ایبٹ آباد:مردم شماری نتائج نے سردار مہتاب اورسردارادریس کو پریشان کردیا۔گلیات کے تین حلقوں کو دو میں تبدیل کرنے کا فیصلہ۔ اس ضمن میں مقامی ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق ضلع ایبٹ آباد کی کل آبادی تقریباً تیرہ لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ قبل ازیں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ حلقہ پی کے چھیالیس کی شہری یونین کونسلوں کو حلقہ پی کے چوالیس جبکہ تناول سائیڈ کی یونین کونسلوں کو حلقہ پی کے سینتالیس حویلیاں کیساتھ جوڑا جارہاہے۔ جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کیاگیا تو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ نئی مردم شماری کے بعد حلقہ پی کے چوالیس اور چھیالیس میں معمولی ردوبدل کی جائے گی۔ حلقہ پی کے چوالیس کی یونین کونسل میرپور کو حلقہ پی کے چھیالیس میں شامل کیاجاسکتاہے۔ کیونکہ حلقہ پی کے چوالیس کی آبادی چارلاکھ جبکہ حلقہ پی کے چھیالیس کی آبادی صرف دولاکھ ستر ہزار ہے۔

حالیہ مردم شماری کے دوران گلیات میں کم آبادی ظاہر ہوئی ہے۔ جس کی وجہ یہ ہے کہ گلیات کے اکثریتی لوگ ملازمت پیشہ ہیں۔ جوکہ روزگار کے سلسلے میں دوسرے شہروں میں مقیم ہیں۔ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق گلیات کے تین حلقوں پی کے پینتالیس، سینتالیس اور اڑتالیس کی آبادی چھ لاکھ نوے ہزار ہے۔ جس کی وجہ سے ان تینوں حلقوں میں سے دو حلقے بنائے جائیں گے۔ ایک حلقہ ختم کیاجارہاہے۔ حلقہ پی کے پینتالیس، سینتالیس اور اڑتالیس میں کم آبادی کی وجہ سے سابق گورنر سردار مہتاب اورپی ٹی آئی کے ایم پی اے سردارادریس کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ کیونکہ زیادہ امکان یہی ہے کہ حلقہ پی کے پینتالیس کو ختم کرتے ہوئے اسے دوسرے حلقوں پر تقسیم کردیاجائے۔


Comments

comments