امجدشاہزمان کامقامی لوگوں کے ہمراہ واسا کے دفتر میں احتجاج۔ 


ایبٹ آباد:کاکول میں چھ روزسے پانی بند۔ امجدشاہزمان کامقامی لوگوں کے ہمراہ واسا کے دفتر میں احتجاج۔ چیئرمین واسا نے پانی کی فوری بحالی کا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں کاکول کے مکینوں نے صحافیوں کو بتایاکہ پچھلے ایک ہفتے سے اسپیدار، تکیہ، کاکول ، وارڈنمبر۴میں پانی کی سپلائی معطل ہے۔ واسا کے دفتر کے چکرلگالگا کر تھک گئے ہیں۔ تاہم منگل کے روز امیدوار صوبائی اسمبلی امجدشاہزمان کی قیادت میں پانی کے ستائے کاکول کے درجنوں افراد واسا کے دفتر میں پہنچ گئے۔ جہاں مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین واسا نعیم اعوان موقع پر پہنچ گئے۔ امجد شاہزمان نے چیئرمین واسا کو بتایاکہ سال 2017ء کے رمضان المبارک میں اسپیدار، تکیہ اورکاکول کے مین پانی کی لائن سے سیاسی دباؤ پر کنکشن دیاگیاتھا۔جس کی وجہ سے علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی۔ لیکن اب سال 2018ء کا رمضان المبارک شروع ہونے والاہے۔اس لئے فوری طور پر کاکول کے پانی کا مسئلہ حل کیاجائے۔ چیئرمین واسا نے مقامی لوگوں کے پانی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ جس کے بعد مشتعل لوگ پرامن طور پر واپس چلے گئے۔


Comments

comments