ناجائز تعلقات کا الزام۔ ایبٹ آبادمیں دونوجوان قتل۔


ایبٹ آباد: ناجائز تعلقات کا الزام۔ لودھی آباد میں سالہ اوربہنوئی ایک دوسرے کی فائرنگ سے قتل۔ اس ضمن میں پولیس اور مقامی ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ تھانہ مانگل کی حدود پھگل میرا، لودھی آبادکے دوگروپوں ارشد حسین ولد فضل الرحمن اور محمد بشیر ولد عمر دین کے مابین ناجائز تعلقات کے الزامات کے بعد تنازعہ پیدا ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں عامر بشیر ولد محمد بشیر نے اپنے بہنوئی عقیل کو قتل کردیا۔ جبکہ جوابی کارروائی میں عامر بشیر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ جسے ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ جہاں اتوار کی صبح دس بجے عامر بشیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کیخلاف قتل اقدام قتل کے مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس نے ملزمان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ علت 337 میں ملوث ملزمان عمران اور بشیر گرفتار جبکہ تیسرا ملزم عامر دوسرے فریق کی فائرنگ سے جاں بحق ہو چکا ہے اسی طرح مقدمہ علت 338 میں ملوث زیشان، خرم شہزاد اور اویس کو گرفتار جبکہ مقدمہ میں ملوث چوتھا ملزم عقیل دوسرے فریق کی فائرنگ سے جاں بحق ہو چکا ہے اس طرح ایبٹ آباد پولیس کی اس بڑی کاروائی میں دونوں مقدمات میں ملوث ملزمان 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ مقدمہ میں مزید تفتیش جاری ہے۔


Comments

comments