عمران خان جلسہ کی سیکورٹی کیلئے گیارہ سوپولیس اہلکار تعینات۔

ایبٹ آباد (وائس آف ہزارہ)ایبٹ آباد کالج گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابقہ وزیر اعظم عمران خان کے جلسے کے حوالے سے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا۔ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد سجاد خان کی نگرانی میں ضلع پولیس کے 1100کے قریب پولیس افسران اور جوانوں سمیت لیڈیز پولیس کے دستے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد عارف جاوید کی سربراہی میں جلسے کے حوالے سے اجلاس کے دوران افسران کو ڈیوٹی کے متعلق بریفنگ دی گئی، ایس پی ٹریفک قمر حیات خان نے ٹریفک اور پارکنگ کے حوالے سے افسران کو بریف کیا، ایس پی ایلیٹ فورس رضوان حبیب، جملہ سرکل افسران، سیکٹر انچارجز اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
08 مئی کو کالج گراونڈ میں منعقدہ جلسے میں سکیورٹی کے حوالے سے مجموعی طور پر 1100 کے قریب پولیس افسران و جوان جن میں 762ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ کمانڈوزاور دیگر شعبہ جات کے، 260ٹریفک پولیس اور 80کی تعداد میں لیڈیزپولیس سٹاف تعینات کیا جائے گا۔

ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد نے کینٹ پولیس کو جلسہ گاہ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن عمل میں لانے کی ہدایات دیں، جبکہ جلسہ گاہ کے اندرونی، بیرونی حصوں اور قریبی عمارتوں میں بھاری نفری کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بی ڈی سکواڈ کے جدید آلات اور کینائن یونٹ کے تربیت یافتہ ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا، جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے، ایمرجنسی کی صورت میں بیک اپ کے طور پر پولیس لائن ہیڈکوارٹرز اور دیگر مخصوص مقامات پر اضافی نفری موجود رہے گی، جبکہ پارکنگ کے حوالے سے ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کی جانب سے جاری شدہ روٹ اور پارکنگ میپ کے مطابق جلسے میں شرکت کے لیے آنے والی لیڈیز کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گاڑی پارک کریں گیں، اسی طرح مانسہرہ اور گلیات سے آنے والے لوگ براستہ مری چوک پفر چوک سے ہوتے ہوئے کلب روڈ، لیڈی گارڈن روڈ اور جی پی او روڈ پر گاڑیاں پارک کر کے جلسہ گاہ کی طرف پیدل سفر کریں گے، شیروان سے آنے والے قافلے دوبھتر اڈہ اور ایف جی سکو ل کے مقام پر گاڑیاں پارک کریں گے اسی طرح حویلیاں، ہریپور سائیڈ سے آنے والے قافلے ہاکی سٹیڈیم میں گاڑیاں پارک کرتے ہوئے جلسہ گاہ کی طرف گامزن ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!