سرکاری ادویات فروخت کرنے پر اے سی تھری نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی فارمیسی کو سیل کردیا۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) سرکاری ادویات فروخت کرنے پر اے سی تھری نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی فارمیسی کو سیل کردیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی فارمیسی شاپ کے کنٹریکٹر کے بارے میں بہت سی شکایات ہسپتال کے انتظامی افسران کو آئے روز ملتی رہتی تھیں۔ جن میں سرفہرست ڈاکٹروں کی لکھی ہوئی ادویات کی بجائے اس سے ملتی جلتی ٹھیکہ مار ادویات مریضوں پر فروخت کردی جاتی تھیں۔ تاہم ہسپتال کی انتظامیہ نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر خاموشی اختیار کئے رکھی۔ اور ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرنے والے افسران کی عین ناک کے نیچے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی فارمیسی میں سرکاری ادویات دھڑلے سے فروخت کی جاتی رہیں۔ لیکن پھر بھی ہسپتال کے انتظامی افسران خاموش رہے اور انہوں نے آنکھیں بند کئے رکھیں۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تھری ایبٹ آباد کو شکایت ملی کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی فارمیسی پر بھاری مقدار میں سرکاری ادویات موجود ہیں اور یہ ادویات مریضوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔ جس پر اے سی تھری نے ٹیسٹ پرچیز کے بعد فارمیسی پر پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں چھاپہ مارا تو سرکاری ادویات برآمد ہوئیں۔ اسی اثناء میں ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر احسن اورنگزیب بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر تھری نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی فارمیسی شاپ کو سیل کردیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے کرپشن مکاؤ کے نعرے صرف مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کیخلاف ہی دکھائی دے رہے ہیں۔ جبکہ سرکاری اداروں میں بیٹھے کرپٹ سرکاری افسرن اور اہلکاروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نچلی سطح پر کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور کرپشن میں ملوث سرکاری اہلکاروں اورافسران کو سخت سزائیں دے کر عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!