پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دیئے جانے کا عندیہ۔

عدالتی کاروائی کا جائزہ لے رہے ہیں عمران کے گھر سے ضبط اسلحہ لائسنس یافتہ نہیں تھاوزیر داخلہ افسوس عمران کو گاڑی سے حاضری لگانے کی اجازت دی گئی ہم نے اسے پیشی پر مجبور کیا پریس کانفرنس۔
لاہورایبٹ آباد (وائس آف ہزارہ) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کو کالعدم جماعت قرار دیے جانے کا عندیہ دیدیا انہوں نے کہا کہ 2 دنوں میں ثابت ہو گیا کہ تحریک انصاف کے کارکن دہشت گردی میں ملوث ہیں، جماعت پر پابندی لگوانے کیلئے عدالتی کاروائی کا جائزہ لے رہے ہیں، عمران خان کی رہائش گاہ سے برآمد ہونے والا اسلحہ لائسنس یافتہ نہیں تھا عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کے ساتھ مسلح افراد تھے افسوس انہیں گاڑی سے حاضری لگانے کی اجازت دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے تھے کہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گا لیکن ہم نے انھیں مجبور کیا کہ عدالت میں پیش ہوں، زمان پارک سے برآمد اسلحہ لائسنس شدہ نہیں تھا جس کے بعد مریم نواز کے بیان کی تصدیق ہوگئی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ زمان پارک سے اسلحہ برآمد ہوا، مسلح جتھے وہاں موجود تھے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، مسلح جتھوں میں شامل لوگوں کا ریکارڈ موجود ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف، پٹرول بم برآمد ہوئے، زمان پارک سے برآمد اسلحہ لائسنس شدہ نہیں تھا جس کے بعد مریم نواز کے بیان کی تصدیق ہو گئی ہے۔ تنظیم کو کالعدم قرار دینے کیلئے عدالتی عمل سے گزرنا پڑتا ہے اس حوالے سے جائزہ لیں گے کہ کیا کارروائی کی جاسکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پولیس نے زمان پارک میں نو گو ایریا ختم کیا، عمران خان کی رہائش گاہ کا سرچ وارنٹ موجود تھا تا ہم پولیس گھر کے رہائشی حصہ میں داخل نہیں ہوئی، اب قوم کو فیصلہ کرتا ہے کہ یہ کیسا شخص ہے، عوام اس کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کرے۔ زمان پارک میں آپریشن کے دوران دہشت گرد موجود تھے، عدالت میں پیش ہونے سے 1 روز پہلے تمام کیسز میں ضمانت دی گئی، لاقانونیت پر یقین کرنے والے شخص کو ریلیف دینے سے اسے مزید حوصلہ ہوگا۔ عدالت کو یہ حکم دینا چاہیے تھا کہ عمران خان گاڑی سے اتر کر پیش ہو، عدالت میں سکیورٹی کے بھر پور انتظامات تھے، انتہائی افسوس ہے کہ عمران خان کو گاڑی میں ہی حاضری لگانے کی اجازت دی گئی، بعد میں سنا ہے کہ گاڑی میں بھیجی گئی فائل غائب ہو چکی ہے، جب عمران خان کہہ رہا تھا کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کو پھانسی دوں گا تب عمران خان کی فرنٹ مین 12 ارب کی منی لانڈرنگ کر رہی تھی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ توشہ خانہ کی چوریوں پر سزا ہوگی اسی لیے عدالت نہیں جاتے، عمران خان جتھے کی صورت میں عدالت پہنچے، ان کے ساتھ 3، 4 سو افراد میں 100 افراد مسلح تھے جن کی فوٹیج موجود ہے اس لیے پولیس نے ان کو روکا، انہیں کیسے عدالت میں جانے کی اجازت دی جا سکتی تھی؟۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالتوں کا احترام ہے لیکن عدلیہ کے اس رویے نے عمران خان کی خرمستی میں اضافہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ زمان پارک سے گرفتار 65 افراد میں سے اکثریت کا تعلق پنجاب سے نہیں ہے، زمان پارک سے جو اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ سارا نا جائز اسلحہ ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!