بچوں سے جنسی زیادتی، غیرت کے نام پرقتل: ڈی آئی جی ہزارہ نے کمیٹی تشکیل دیدی۔

ایبٹ آباد:ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ قاضی جمیل الرحمن کی زیر صدارت ریجنل کانفرنس ہال میں ہزارہ ریجن کے تمام ڈسٹرکٹ پولیس آفسران کا اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ہزارہ پولیس کے مختلف شعبہ جات میں مزید بہتری لانے اور عوام کو پولیس کی جانب سے مزید تحفظ اور قانونی سہولیات کی فراہمی اور جرائم کی روک تھام کیلئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ قاضی جمیل الرحمن نے کہا کہ ہمیں ایسے مثبت اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے جس سے لوگوں کو جانی ومالی تحفظ کیساتھ تھانہ سطح پر مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ لوگوں اور پولیس کے درمیان پائی جانیوالی دوریوں کو ختم کیا جاسکے۔ شعبہ تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہریپور سید اشفاق انور کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو ہزارہ پولیس کے تفتیشی افسران کوتفتیش کے حوالے سے ضلعی سطح پر ورکشاپس، ٹرینگ اور دیگر ایسے اقدامات اٹھائے گی جس سے تفتیش کے عمل میں بہتری لائی جاسکے گی۔ بچوں کیساتھ جنسی تشدد کی روک تھام کیلئے عوام اور بچوں مین آگاہی مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد جاوید اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی اس کمیٹی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تورغر قمر حیات خان بھی شامل ہے یہ کمیٹی بچوں کیساتھ جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔ کوہستان کے تینوں اضلاع میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو روکنے کیلئے ڈی آئی جی ہزارہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر کوہستان عارف جاوید خان کی سربراہی میں کوہستان کے تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز کی ایک کمیٹی تشکیل دی جو کوہستان میں ہونے والے غیرت کے نام پرقتل کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم اور دیگر اقدامات عمل میں لائے گی جس سے اس جرم کو روکا جاسکے۔

ڈی آئی جی ہزارہ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹیاں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے ڈی آئی جی ہزارہ کو آگاہ کرے گی جس کے بعد باقاعدہ طور پر ان اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تھانہ سطح پر عوام کو ایف آئی آر کے اندراج میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے عوام کے اس مسئلہ کو فی الفور حل کیا جائے تاکہ عوام کو تھانہ سطح پر فوری اور مفت انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے، تھانہ میں محرر کا بہت اہم کردار ہوتا ہے اس حوالے سے ضلعی سطح پر ایک کمیٹی بنائی جائے جو مکمل جانچ پڑتال کے بعد زیادہ قابلیت کے حامل اور خوش اخلاق پولیس افسران کو محرر کے عہدے پر تعینات کریں۔ تمام تھانہ جات کے ریکارڈ کوبہتر اندازسے مرتب کیا جائے، تھانہ میں تعینات عملہ کے پیشہ ورانہ مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ضلع کی ڈی آر سی، پی ایل سیز، پال اور پاس سسٹم کو فعال کیا جائے، مزید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس کے کام میں تیزی لائی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!