منشیات فروشوں کو کسی بھی قیمت پرنہیں چھوڑا جائیگا۔ اور ان کا ہر جگہ ہر قیمت پر پیچھا کیا جائیگا: انسپکٹرجنرل خیبرپختونخواہ پولیس معظم جاہ انصاری۔

ایبٹ آباد (وائس آف ہزارہ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے آج ایبٹ آباد کا ایک روزہ دورہ کیا۔ایبٹ آباد پہنچنے پر آر پی او ہزاہ میرویس نیاز اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے آئی جی پی کو خوش آمدید کہا جبکہ ایبٹ آباد پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے ایبٹ آباد پولیس کے شہدائکی یادگار پر حاضری دی اور سلامی پیش کرنے کے بعد پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی جی پی نے ایبٹ آباد پولیس لائن میں ہزارہ ریجن کے افسروں و جوانوں کے ایک دربار سے خطاب بھی کیا۔ دربار میں ہزارہ پولیس کے مختلف یونٹوں کے ہر رینک کے افسروں و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے دربار کے شرکائپر زور دیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر شوق کے ساتھ ادا کریں اور عوام کی خدمت میں عزت سمجھیں اور کسی بھی صورت میں اپنی عزت اور شان پر آنچ نہ آنے دیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس بڑی غیور،عزت دار،بہادر اور شان والی پولیس ہے اوراس کی تاریخ قربانیوں سے بھری بڑی ہے اور پورے ملک میں اس کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ ہماری دھرتی پاکستان نے ہمیں عزت دی ہے اور اس کے عوام کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ ہزارہ پورے ملک کا ہراول دستہ اور گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور ملک کے دیگر حصوں سے لوگ یہاں سیاحتی مقامات کو دیکھنے کے لیے لاکھوں کی تعداد میں آتے ہیں اور اپنے ساتھ ہزارہ پولیس کے اچھے اور خوشگوار یادیں لیکر واپس چلے جاتے ہیں اور دربار کے شرکائپر زور دیا کہ وہ پولیس فورس کی عزت، غیرت اور شان کو بڑھانے کے لیے اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ آئی جی پی نے دربار کے شرکاء کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے کام میں پروفیشنلزم کو فروغ دیں۔ پروفیشنلزم کے بغیر پولیس کا کام مکمل نہیں ہوتا،لوگوں کے ساتھ ہر جگہ ہر وقت اعلیٰ اخلاق اور اچھا رویہ اپنائیں او ان کے دل اپنے اعلی اخلاق اور خدمت سے جیت کر ان کو اپنی ٹیم کا حصہ بنائیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ پولیس دربار میں افسروں و جوانوں نے اپنے انفرادی اور فورس کے اجتماعی مسائل پیش کئے۔ آئی جی پی نے ان کے تمام معروضات توجہ سے سننے کے بعد بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پراحکامات جاری کئے۔ جبکہ چند ایک پر متعلقہ حکام سے ضزروری رپورٹس طلب کرکے ان کے حل کا بھی یقین دلایا۔آئی جی پی نے اس موقع پر مختلف واقعات میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بہترین کارکردگی پر ہزارہ ریجن کے پولیس افسروں و جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔

بعد ازاں آئی جی پی نے ایبٹ آباد بازار کا دورہ کیا جہاں وہ دکانداروں اور تاجر برادری کے رہنماؤں سے گھل مل گئے اوران سے ایبٹ آبادمیں پولیسنگ کے حوالے سے دریافت کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ منشیات ایک بہت بڑی لعنت ہے جس نے ہمارے بچوں اور نسلوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات فروشوں کو کسی بھی قیمت پرنہیں چھوڑا جائیگا۔ اور ان کا ہر جگہ ہر قیمت پر پیچھا کیا جائیگا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ آئی جی پی نے بازار میں ٹریفک کے حوالے سے درپیش مسائل و مشکلات دور کرنے کا یقین بھی دلایا۔ اس موقع پر ملک کی یکجہتی اور سا لمیت کے لیے اجتماعی دعا بھی مانگی گئی۔بعد ازاں آئی جی پی نے ریجنل کانفرنس ہال ایبٹ آباد میں ہزارہ ریجن کے اعلیٰ پولیس حکام کے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ جس میں ہزارہ ریجن میں امن و آمان کی صورتحال کا جاۂ لیا گیا۔ آئی جی پی کو اس موقع پر ہزارہ ریجن میں امن و امان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آئی جی پی نے بریفنگ کی روشنی میں متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!