قصابوں نے سلاٹرہاؤس میں جواء خانہ کھول لیا۔ چھاپے کے دوران پانچ گرفتار۔ رہنماؤں کو چھوڑ دیاگیا۔

ایبٹ آباد:قصابوں نے سلاٹرہاؤس میں جواء خانہ کھول لیا۔ چھاپے کے دوران پانچ گرفتار۔ رہنماؤں کو چھوڑ دیاگیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ ٹانچی چوک میں واقع سلاٹر ہاؤس میں دن کے اوقات میں جانور ذبح کئے جاتے ہیں۔ جبکہ قصابوں نے رات کے وقت سلاٹرہاؤس کو جواء خانے میں تبدیل کرتے ہوئے یہاں پر جوئے کی محفلیں سجانا معمول بنا رکھا تھا۔ مقامی لوگوں نے تھانہ سٹی کے ایس ایچ او کو متعدد مرتبہ سلاٹرہاؤس میں چلنے والے جواء خانے کے بارے میں بتایا لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

جس پر ہفتہ کے روزمقامی لوگوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو جواء کھیلنے میں مصروف قصابوں کی ویڈیو وٹس ایپ کی۔ ڈی پی او کا حکم ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی کیڈٹ نواز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سلاٹرہاؤس پر چھاپہ مارا اور جواء کھیلنے میں مصروف درجن بھر سے زائد قصابوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ تاہم بعد میں تھانہ سٹی میں قصابوں کے اہم رہنماؤں کو چھوڑ دیاگیا۔ جبکہ فیاض ولد فقیر،گل زیب ولد محمد پرویز،عمران ولد سائیں محمد،قیصر شہزاد ولد ظہور الہی اور ساجد ولد شفیع پر فائیو گیمبلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران داؤ پر لگی رقم ساڑھے پانچ ہزار روپے اور دوچھکے بھی برآمد کئے۔

Facebook Comments