اسی سالہ افراد کو مددگار لے جانے اور 10 سال سے کم عمر بچوں کو حج کی اجازت۔
اسلام آباد(وائس آف ہزارہ)عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، آئندہ برس حج پہلے سے سستا ہو گا۔ حکام کی جانب سے ڈالر مہنگا ہونے کے باوجود حج کے اخراجات کم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ سال کے حج اخراجات میں ایک سے ڈیڑھ لاکھ تک کی کمی متوقع ہے۔ یادر ہے کہ گزشتہ سال عازمین حج سے 11لاکھ 75 ہزار روپے وصول کئے گئے تھے۔ نظر ثانی شدہ حج پالیسی دوبارہ منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے اور بدھ کو اجلاس میں پالیسی منظور ہونے کا امکان ہے۔ نظر ثانی شدہ پالیسی میں نجی حج ٹور آپریٹرز کے مطالبے پر 2 ترامیم شامل ہیں، پالیسی کے تحت 10 برس سے کم عمر بچے بھی حج پر جاسکیں گے اور 80 برس سے زائد عمر کے عازمین کو مددگار ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں رواں ماہ سے وصول کیے جانے کا امکان ہے۔
