حلقہ کے پی 39: متعدد اہم شخصیات مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کیلئے تیار۔

ایبٹ آباد: حلقہ کے پی 39: متعدد اہم شخصیات مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کیلئے تیار۔ سردار مہتاب گروپ سے اندرون خانہ رابطے شروع۔ ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے حلقہ پی کے 39 میں سیاسی درجہ حرارت میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ سال 2018ء کے عام انتخابات میں اس حلقہ سے بہت سے لوگوں نے الیکشن میں حصہ لیا۔ لیکن الیکشن گزرنے کے بعد عوامی خدمت کے دعویدار اکثریتی امیدوار الیکشن ہارنے کے بعد غائب ہوگئے ہیں اور ان امیدواروں نے لوگوں کے دعاجنازوں میں بھی شرکت کرنا چھوڑ رکھی تھی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے بعد اب بہت سے امیدواروں نے آہستہ آہستہ منظر عام پر آنا شروع کردیاہے۔ ذرائع کے مطابق حلقہ پی کے 39 میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے کوئی بھی مضبوط امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے میدان خالی ہے۔ سابق ایم پی اے عنایت اللہ خان جدون الیکشن میں حصہ لینے کے بعد عوام سے رابطے ختم کرکے غائب ہو جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے حلقہ پی کے 39 میں صرف مشتاق غنی کی بادشاہی قائم و دائم ہے اور مشتاق غنی ہر مرتبہ صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیت لیتے ہیں۔ اس خلاء کو پرکرنے کیلئے متعدد اہم شخصیات نے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیاہے۔ ان شخصیات میں بعض لوگوں نے دیگر حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیاہے۔

ذرائع کے مطابق بہت سی شخصیات حلقہ پاکستان مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کے بعدپی کے 39 کے لئے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ چند افراد نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطے شروع کررکھے ہیں۔ سردار مہتاب کی واضح پوزیشن دیکھتے ہوئے اندرون خانہ سردار مہتاب سے بھی پیار محبت کی پینگیں چڑھائی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند ہفتوں یا ماہ کے اندر ایبٹ آباد میں مختلف سیاسی شخصیات سٹیج تیار کرکے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کرنے والی ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق ملکی صورتحال کے پیش نظر مستقبل میں پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے اراکین اسمبلی شاید آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں۔ جس کا ڈائریکٹ فائدہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو پہنچنے کے قوی امکانات ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!