ایم این اے علی خان جدون نے نواں شہر کے باقی ماندہ علاقوں کے گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کااعلان کردیا۔

ایبٹ آباد: ایم این اے علی خان جدون نے نواں شہر کے باقی ماندہ علاقوں میں گیس پریشربہتربنانے کااعلان کردیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ نواں شہرکے تمام علاقوں میں سردیوں کے دوران گیس کا پریشر انتہائی کم ہوجاتاتھا۔ جس کی وجہ سے نواں شہر کے لوگ سخت پریشانی کا شکار تھے۔ بہت سے علاقوں میں گرمیوں کے موسم میں بھی گیس کا پریشر انتہائی کم رہتاتھا۔ علی خان جدون نے ایم این اے بننے کے بعد نواں شہر میں گیس کی پرانی لائنیں تبدیل کروائیں۔ جس کی وجہ سے گیس کا پریشر فل ہوگیا۔

تاہم نواں شہر کے محلہ موسیٰ زئی، محلہ خلیل زئی، محلہ محمد زئی، لوئر ناڑیاں، ڈھوڈیال میں گیس کی لائنیں تبدیل نہیں کروائی جاسکیں۔ جس پر منگل کے روز سابق ڈی آئی جی سرفرازخان جدون، سابق ممبر ضلع کونسل اقبال خان جدون، حاجی فریدون خان، بابر خان جدون اور دیگر عمائدین نے جدون ہاؤس میں ایم این اے علی خان جدون سے ملاقات کی اور ان سے سردیاں شروع ہونے سے قبل گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر ایم این اے علی خان جدون نے فوری طور پر محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرکے انہیں نواں شہر کے محلہ موسیٰ زئی، محلہ خلیل زئی، محلہ محمد زئی، لوئر ناڑیاں، ڈھوڈیال میں گیس کی لائنیں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ ایم این اے علی خان جدون نے نمائندہ وفد کو یقین دلایا کہ ان شاء اللہ جن علاقوں میں گیس کی لائنیں تبدیل نہیں کی گئیں۔ ان علاقوں کی بھی گیس کی لائنیں سردیوں سے قبل جلداز جلد تبدیل کردی جائیں گی۔

Facebook Comments