مشتاق غنی نے محکمہ مال کے کمپیوٹرائزڈسروس ڈیلیوری کا افتتاح کردیا۔

ایبٹ آباد: سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ عوام دوست نظام متعارف کروائے اور عوامی مسائل کی نشاندہی کر کے ان کے حل کے لیے اہم اقدامات اٹھائے، انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اگر عدالتوں میں مقدمات کا جائزہ لیا جائے تو سب سے ذیادہ زمینوں کے مقدمات دیکھنے کو ملتے ہیں جس کی اہم وجہ پرانا فرسودہ نظام تھا لیکن ہم نے جب 2013 میں خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی تو سب سے پہلے اس نظام کو بدلنے کی ٹھان لی اور اس تمام عمل کو کمپیوٹرائز کرنے کے لیے حکمت عملی تیا ر کی جو کہ ایک مشکل کام تھا اور وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں کافی کامیابی ملنے لگی اور اہم ہدف حاصل کئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں سروس ڈیلیوری کے مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس مرکز میں تحصیل لوئر تناول اور تحصیل ایبٹ آباد کے 35 مواضعات میں کمپوٹر ائزڈ نقول، فردات اور انتقال سے متعلق تمام سہولیات میسر ہوں گی۔اس موقع پر کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، پراجیکٹ ڈائیریکٹر اور دیگر سرکاری افسران و ملازمین کے علاوہ علاقائی لوگ شریک تھے۔

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ آج کمپیوٹر کا دور ہے اور پوری دنیا جدید نظام کو اپنا چکی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے سابقہ حکمرانوں نے اس طرف توجہ نہیں دی جس وجہ سے ہمارا ملک کافی پیچھے رہتا گیا لیکن اب ہمارے پاس وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں ایک محب الوطن قیادت موجود ہے جو کہ اس ملک کو آگے لے کے جانے کے لیے دن رات ایک کر رہے۔ انھوں نے کہا ہم نے اپنے دور حکومت کے آغاز میں ہی جدید نظام کو اپنانے کے لیے ابتدائی اقدامات اٹھا لیے تھے۔جس میں سب سے ذیادہ ترجیح زمینوں کے ریکارڈ کو کمپوٹرائز کرنے کو دی گئی جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے لوگوں کے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت اور کام کی رفتار میں تیزی دیکھنے کو ملی۔

مشتاق غنی نے کہا کہ ایبٹ آباد کی عوام کے لیے آج ایک تاریخی دن ہے اور وہ تمام لوگ جنہوں نے اس پراجیکٹ پر محنت کی ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس عمل کو مذید تیز کیا جائے گا تاکہ جلد از جلد ہم اپنے اہداف کو سو فیصد مکمل کر سکے۔ سپیکر اسمبلی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ سروس ڈیلیوری سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور ڈومیسائل فیسیلیٹیشن سنٹر کے افتتاح کرتے ہوئے ایک چھت کے نیچے اہم سروس کی فراہمی پر انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

Facebook Comments