عطاری بلڈرز ٹیکسلا کے مالک سیف الرحمن سمیت دوملزمان کو ایبٹ آباد کی عدالت نے اشتہاری قراردیدیا۔ ایک ملزم عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتار۔

ایبٹ آباد:نوسربازی اورشہری پرتشدد۔ عطاری بلڈرز ٹیکسلا کے مالک سیف الرحمن سمیت دوملزمان کو ایبٹ آباد کی عدالت نے اشتہاری قراردیدیا۔ ایک ملزم عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر گرفتار۔اس ضمن میں حویلیاں کے رہائشی قاضی بلال ولد نفیس نے صحافیوں کو بتایاکہ ٹیکسلا میں واقع عطاری بلڈرز کے مالک سیف الرحمن ولد مہابت خان نے اپنے ساتھیوں کاشف ولد محمد تنویر اور راجہ سلیم ولد راجہ محمد صدیق ساکنان ٹیکسلا کے ہمراہ میرے ساتھ دس کنال اراضی کا سودا کیا۔ جس کی قیمت تقریباً اڑھائی کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ان لوگوں نے مجھے تین لاکھ روپے بیعانہ دیا۔ ایک ماہ کے بعد ان لوگوں نے مجھے جھانسہ دیاکہ آپ کو اس زمین کے بدلے تین گھر دیتے ہیں۔ ان لوگوں نے مجھے گھردکھائے میں نے ان کیساتھ سودا طے کرلیا۔ گھروں میں اپنے چوکیدار بھی رکھ لئے۔ لیکن گھروں کی ٹرانسفرمیں یہ لوگ ٹال مٹول کرتے رہے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ ان لوگوں نے گھرکرائے پر لے رکھے تھے جوکہ سیف الرحمن کی ملکیت نہ تھے۔ ان لوگوں سے میں اپنی زمین کی واپسی کاتقاضا کرتارہا لیکن نوسربازی کے ذریعے انہوں نے میری زمین بھی آگے فروخت کردی تھی۔

چند روز قبل یہ لوگ ایبٹ آباد آئے اور انہوں نے میرے ڈرائیورعبدالباسط ولد محمد اشرف سکنہ کھولیاں بالا ایبٹ آباد کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس پر ان لوگوں کیخلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیاگیا۔ جبکہ ان لوگوں کیخلاف مظفر آباد میں محمد الیاس اورایک مزدور پرتشدد کرنے کا337کامقدمہ درج ہے۔اس دوران تینوں ملزمان سیف الرحمن،کاشف اور راجہ سلیم نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانتیں کروائیں۔ اس دوران ملزمان جب عدالت سے باہر آرہے تھے تو ان کو آزادکشمیر پولیس نے گرفتار کرکے تھانہ کینٹ میں بند کردیا۔

ملزمان نے مقامی عدالت سے ٹرانزٹ بیل حاصل کیں اور رفوہ چکر ہوگئے۔ میرے ڈرائیور پر تشدد اورمظفرآباد تشدد کیس کی عبوری ضمانتوں میں راجہ سلیم عدالت میں پیش ہوا تواس کی عبوری ضمانت عدالت نے منسوخ کردی۔ جس پر اسے گرفتار کرلیاگیا۔ جبکہ سیف الرحمن اور کاشف ان دونوں کیسوں میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ جس پر ایڈیشنل سیشن جج چہارم نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کرکے ان کو اشتہاری قرار دے دیاہے۔ آزادکشمیراورایبٹ آبادپولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔

Facebook Comments