چڑھتے سورج کے پجاریوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہونے والی ہے: سجاد اکبر خان۔

ایبٹ آباد:سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سجاد اکبرخان نے کہاہے کہ چڑھتے سورج کے پجاریوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہونے والی ہے۔ لوئرتناول کے بلدیاتی الیکشن میں اپنا امیدوار لائینگے۔ یونین کونسل سلہڈ کے سابق ناظم ساجد نذیر کی سربراہی میں ملنے والے تیس رکنی نمائندہ وفد سے بات چیت کے دوران سجاد اکبر خان کا کہناتھاکہ ہم نے سیاست میں ہمیشہ شرافت کو فروغ دیا ہے۔ حلقہ کی غریب عوام کے حق کیلئے اگر آواز اٹھانا جرم ہے تو یہ جرم میں بار بار کرتا رہونگا۔ حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کی مانتے ہیں۔ کسی شخصیت کی نہیں۔ سلہڈ کے وفد نے سجاد اکبر خان کو یقین دلایا کہ ان شاء اللہ آئندہ ابھی سلہڈ کے لوگ سجاداکبر خان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

سجاد اکبرخان نے مزید کہاکہ الیکشن میں جن لوگوں نے ہزاروں کی تعداد میں ووٹ دیئے۔ ان کا ساری زندگی احسان مند رہونگا۔ گرینڈ جرگے کے بعد پورے حلقہ میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم شروع کی جائے گی۔ میرا جینا مرنا حلقہ کی عوام کیلئے ہے۔حلقہ پی کے اڑتیس اس وقت مکمل کھنڈرات کا منظر پیش کررہاہے۔ ہر محلہ، ہر گاؤں، ہر روڈ، ہر گلی آثار قدیمہ کا منظر پیش کررہی ہے۔ حلقہ کی عوام اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ جبکہ ہمارے وقت کے حکمران خواب و خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ آج ہری پور میں اربوں کھربوں روپے کے ترقیاتی کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ حلقہ پی کے اڑتیس میں ایک فٹ سڑک تک تعمیر نہیں کی گئی۔ ہری پور میں یوسف ایوب خان کہاں سے فنڈز لاکر لگا رہاہے؟ یوسف ایوب خان کے مقابلے میں حلقہ پی کے اڑتیس کے سیاستدانوں نے صرف ہینڈ پمپ اور چند ہزار روپے کی گلیوں کے بدلے عوام کو الیکشن کے دوران خرید لیتے ہیں۔ اور پھر الیکشن کے بعد عوام کا اللہ ہی حافظ ہوتاہے۔ سجاد اکبر خان کا مزید کہناتھاکہ خدا بھی اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو اپنی حالت خود نہیں بدلتی۔ آج ہری پور میں اربوں روپے کے منصوبے پایہ تکمیل ہوچکے ہیں۔ تو آخر ہری پور میں فنڈ کہاں سے آرہاہے؟

Facebook Comments