ایبٹ آبادپولیس کی نااہلی: مشہورزمانہ نوسربازکارلفٹرصلاح الدین گرفتار۔ ایبٹ آباد سے کئی چوری شدہ موٹرسائیکل اورکاریں برآمد۔

ایبٹ آبادپولیس کی نااہلی: مشہورزمانہ نوسربازکارلفٹرصلاح الدین گرفتار۔ ایبٹ آباد سے کئی چوری شدہ موٹرسائیکل اورکاریں برآمد۔متاثرین کا ڈی آئی جی ہزارہ رینج سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کا مطالبہ۔ اس ضمن میں ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ صلاح الدین عرف چوہدری سعید ولد ملک اورنگزیب سکنہ رحمت آباد/ کنج قدیم ایبٹ آباد ایک نوسربازکارلفٹرہے۔ یہ شخص پچھلے کئی سالوں سے ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور پنجاب میں نوسربازی کے ذریعے لوگوں کی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں چوری کرکے آگے سستے داموں فروخت کردیتاہے۔جولائی 2017ء میں یہ شخص عادل خان سکنہ کنج جدید سے دو لاکھ روپے لیکرایک پرانی مہران کاربغیرکاغذات کے نوسربازی کرکے چھوڑ کرفرار ہوگیا۔جس کی رپورٹ کئی سال گزرنے کے باوجود درج نہیں کی گئی۔سال 2017-18ء میں مانسہرہ کے رہائشی رستم ولد ہمایون کو ایف ایکس گاڑی دینے کے نام پر یہ شخص چونالگاکر فرار ہوگیا۔ کنج جدید کے رہائشی محمد رمضان ولد محمد یوسف سے گاڑی فروخت کے نام پر ایک لاکھ دس ہزار روپے لیکر رفو چکر ہوگیا۔ ہری پور مانسہرہ میں درجنوں افراد کو گاڑیوں کے نام پر لوٹ چکاہے۔ اور کئی لوگوں کی گاڑیاں خریداری کے بہانے ٹرائی پر لیکر جاتاہے اور گاڑی سمیت غائب ہو جاتاہے۔ اس شخص کیخلاف ایبٹ آباد کے مختلف تھانوں میں درجنوں درخواستیں پڑی ہوئی ہیں۔ لیکن ایبٹ آباد پولیس نے اس نوسربازشخص کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی۔ اور نہ ہی اس کی گرفتاری کیلئے کچھ کیاگیاہے۔ یہ ایک عادی مجرم نوسربازشخص ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کارلفٹنگ سیل مانسہرہ نے صلاح الدین عرف چوہدری سعید کو گرفتار کرکے کئی چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں برآمد کرلی ہیں۔ جمعرات کے روز اینٹی کارلفٹنگ سیل مانسہرہ نے ملزم صلاح الدین عرف چوہدری سعید کی نشاندہی پرایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کالج روڈ، لنک روڈ، کریم پورہ اور پیزا ہٹ سے چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل ملزم صلاح الدین عرف چوہدری نے پیزا ہٹ کے ایک ملازم پر نوسربازی کے ذریعے ہنڈا125ماڈل 2015ء پچاس ہزار روپے میں فروخت کی اور اگلے روز کاغذات دینے کا وعدہ کرکے پچیس ہزار روپے بیعانہ لیکر فرار ہوگیا۔ جب اینٹی کارلفٹنگ سیل مانسہرہ نے ملزم کو گرفتار کیا توملزم نے دیگر موٹرسائیکلوں کے علاوہ پیزا ہٹ کے ملازم پر فروخت کی جانیوالی موٹرسائیکل کی بھی نشاندہی کی۔ جسے پولیس نے قبضے میں کرلیا۔ دوران تفتیش ملزم صلاح الدین عرف چوہدری سعید نے بتایاکہ وہ مانسہرہ، ایبٹ آباد اور راولپنڈی سے لوگوں کی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں چوری کرکے فروخت کردیتاہے۔ جبکہ دوسری جانب صلاح الدین عرف چوہدری کے ہاتھوں لٹنے والے افراد نے ڈی آئی جی ہزارہ رینج سے مطالبہ کیاہے کہ اس شخص کیخلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کیاجائے اوراس کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ اس شخص کے ہاتھوں لٹنے والے افراد اینٹی کارلفٹنگ سیل مانسہرہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!