سابق ایم پی اے سردار ادریس کے کارخاص نے بھرتیوں کی لوٹ سیل لگادی۔

ایبٹ آباد: سابق ایم پی اے سردار ادریس کے کارخاص نے بھرتیوں کی لوٹ سیل لگادی۔ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کرپشن کا گڑھ بن گیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد میں دومعذور افراد کی بھرتیاں مشتہر کی گئیں۔ان عہدوں پر تعیناتی کیلئے تین معذور افراد امیدوار ہیں۔ جبکہ پوسٹیں صرف دو ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق ایم پی اے سردار محمد ادریس کے کارخاص سردار واجد نے مذکورہ پوسٹوں پر تعیناتی کیلئے فی کس ستر ہزار روپے طلب کئے۔

امیدوار وں کے مطابق سابق ایم پی اے سردارادریس کے کارخاص سردار واجد نے انہیں ہے کہاکہ ستر ہزار روپے ادا کرو، تو سابق ایم پی اے سردار محمد ادریس تمہاری بھرتی کا آرڈر کروادینگے۔قبل ازیں ہم لوگ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ایک لڑکی کو بھی پیسوں کے عوض بھرتی کراچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ کے ڈائریکٹر کی معرفت سے تقرر نامے حاصل کئے جاتے ہیں۔ پیسوں کی ادائیگی ایبٹ آباد میں کی جاتی ہے۔ جبکہ بھرتی پشاور سے کی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد کا ایک ذمہ دار بھی پیسوں کے لین دین میں ملوث ہے۔ جس کیخلاف خفیہ ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔

Facebook Comments