جعلسازی سے مکان کی منتقلی: تحصیلدار،پٹواری، گرداور، سابق وائس چیئرمین کینٹ سمیت دس سے زائد افراد کیخلاف مقدمہ درج۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) جعلی کاغذات پر ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد مالیت کے مکان کی منتقلی۔ تحصیلدار،پٹواری، گرداور، سابق وائس چیئرمین کینٹ سمیت دس سے زائد افراد کیخلاف مقدمہ درج۔ تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیاگیا۔ اس ضمن میں پولیس اور محکمہ اینٹی کرپشن کے ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ ڈاکٹرطاہر بشیرالدین خلجی ولد محمد دولت دین کامکان نمبر1878-79 بالمقابل میونسپل پلازہ، مانسہرہ روڈ ایبٹ آبادپر واقع ہے۔ جو کہ ان کا وراثتی مکان ہے۔ جوانہوں نے1969ء میں خریدار۔ ڈاکٹر طاہربشیر الدین خلجی نے تھانہ کینٹ اور بعدازاں محکمہ اینٹی کرپشن میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیاکہ کسی نے میرے مکان کے تالے توڑکرقبضہ کرلیا ہے۔اورگھر کو مسمار کرنا شروع کردیاہے۔ڈاکٹربشیرالدین خلجی نے مسماۃ پروین اختر سکنہ شامی روڈ پشاور، محمد اقبال سکنہ بیرنگلی، شمس الالسلام سکنہ بالاکوٹ، اورنگزیب سکنہ مانگل، محمد نعیم سکنہ نواں شہر پر دعویداری کی۔جس پر کینٹ پولیس نے دریافت شروع کی۔

دوران دریافت پولیس کو معلوم ہواکہ ملزمان نے بے جا مداخلت کرکے مدعی کے گھر میں داخل ہوکر مکان پر ناجائز قبضہ کرکے توڑپھوڑ شروع کر رکھی ہے اور مدعی کو گھر آنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ مدعی نے یہ مکان1969ء میں خریدا، جس کے تمام کاغذات وراثتی سرٹیفکیٹ، پرونشل ٹرانسفر سرٹیفکیٹ، ڈیمانڈ نوٹس، چالان بنک رسیداوردیگرکاغذات اس کے پاس موجود تھے۔اورقومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے والے کینٹ بورڈ کے سابق وائس چیئرمین ذوالفقار علی بھٹونے اس گھر کا سودا مبلغ پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ 74ہزار روپے میں کرایا۔ جگہ کی تسلی پٹواری حلقہ سے کرائی گئی۔ پٹواری نے بتایاکہ یہ جگہ شاہزمان ولد فقیر محمد سکہ ککمنگ کے نام پر ہے۔ اور خسرہ نمبر2537ہے۔ اب شاہزمان کی اولاد وارثان پروین اخترکے نام پر وراثت ہو چکی ہے۔ جس پر ذوالفقار علی بھٹو نے شہزاد شاہ سے کہا کہ ان کیساتھ اشٹام پیپرپرتحریری معاہدہ کراکے سوداکرادو۔ جس کے بعد تحریری معاہدہ ہوااورپانچ کروڑ ساٹھ لاکھ74ہزار روپے میں سودا طے پایا۔جس کے بعد وراثت ان کے نام منتقل ہوئی۔ جس کے بعد محکمہ ٹی ایم اے سے این او سی لیکر عمارت کو مسمار کرنا شروع کردیا۔تاہم بعد میں چھان بین کے دوران سرکاری کاغذات میں مکان ڈاکٹر بشیر الدین کے والد جی دولت دین کے نام پر نکلا۔محکمہ اینٹی کرپشن نے نورخان وغیرہ کے علاوہ محمد شبیر، پٹواری حلقہ دریافت خان، تحصیلدار اعجاز خان، گرداور سرکل اظہور مسعود، بلڈنگ انسپکٹرٹی ایم اے عمران، الیاس، محمد ناز گواہان، ذوالفقار علی بھٹو، شہزاد شاہ، طارق محمود کیخلاف مقدمہ درج علت نمبر:2، جرم: 419.420,468,471,477Aپی پی سی درج کرکے گرفتاریوں کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!