بیرنگلی رینج کے جنگل میں آرامشین نصب۔ قیمتی درختوں کا صفایا۔

ایبٹ آباد:بیرنگلی رینج کے جنگل میں آرامشین نصب۔ قیمتی درختوں کا صفایا۔ محکمہ جنگلات کی خاموشی۔ اس ضمن میں بیرنگلی کے رہائشی مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایاکہ محکمہ جنگلات کے گلیز ڈویژن کی بیرنگلی رینج میں ٹمبر سمگلروں نے جنگل کے اندر آرا مشین نصب کررکھی ہے۔ اور دن رات قیمتی درختوں کو کاٹ کر آراء مشین کے ذریعے بیم بنا کر خچروں کے ذریعے سمگل کیاجارہاہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ آرامشین پٹرول کے انجن کیساتھ چلتی ہے۔ اور انتہائی تیزی کیساتھ درختوں کو منٹوں میں گاجر مولی کی طرح کاٹ کررہی ہے۔ درختوں کی غیرقانونی کٹائی کے بارے میں محکمہ جنگلات کے رینج آفیسر اور متعلقہ اہلکاروں کو بتایاگیا۔ لیکن کسی نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ جبکہ ٹمبرسمگلروں کی جانب سے مقامی لوگوں کو ڈرانے دھمکانے اور علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیاگیاہے۔ بیرنگلی کے مکینوں نے صوبائی حکومت سے بیرنگلی رینج میں درختوں کی کٹائی پر انکوائری اورمتعلقہ اہلکاروں اور ٹمبر سمگلروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔

Facebook Comments