ورکنگ ویمن طالبات کو سکوٹیز دینے کا فیصلہ۔

تیس ہزار سے ڈیڑھ لاکھ کمانے والے رعایتی قیمت پر سکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔
اسلام آباد اور ہر صوبے کیلئے چار چار، جی بی اور آزاد کشمیر کیلئے ایک ایک ہزار سکوٹر مختص۔
لاہور (وائس آف ہزارہ) حکومت نے سرکاری اور نجی شعبہ میں ملازمت کرنے والی خواتین اور طالبات کو رعایتی قیمت پر سکوٹیز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان بھر سے 22 ہزار خواتین کو وزیر اعظم ویمن آن ویلز پروگرام کے تحت رعایتی قیمت پر سکوٹیز اور موٹر سائیکلز کی فراہمی کا آغاز جلد ہوگا اور اس کے لئے انہیں صرف ساڑھے 4 ہزار روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔ قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئر پرسن نیلوفر بختیار کے مطابق پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 5 ارب روپے مل گئے ہیں، سکوٹیز کی تقسیم کا عمل مکمل طور پر شفاف ہو گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں وزیر اعظم ویمن آن ویلز پراجیکٹ جلد شروع ہوگا، 18 سے 55 سال تک کی خواتین درخواست دے سکیں گی۔ قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئر پرسن نیلوفر بختیار نے بتایا کہ 22 ہزار سکوٹیز کے لیے فنڈ ز فراہم کر دیئے گئے ہیں، سکوٹیز کی تقسیم کا آغاز جلد ہوگا جو بالکل شفاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 4 ہزار سکوٹیز ہر صوبے کی ہے، اسلام آباد کیلئے بھی 4 ہزار، گلگت بلتستان کے لئے ایک ہزار اور ایک ہزار آزاد کشمیر کیلئے ہوں گی، یہ 3 سال کا پروگرام ہوگا، 30 ہزار سے لے کر ڈیڑھ لاکھ روپے تک کمانے والے اس کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے ساتھ ساتھ پولیو ہیلتھ ورکرز اور خواتین صحافی بھی مستفید ہوں تا کہ وہ ملکی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!