ملک کی بربادی کا اگر کوئی ذمہ دار ہے تو وہ صرف او ر صرف عمران خان اور اس کا ٹولہ ہے: مریم نواز۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں عمران خان کا نام نہیں لینا چاہتی لیکن کیا کرو ں مجبوری ہے لینا پڑٹا ہے۔۔ خیبر پختونخواہ میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں اگر کمی ہے تو صرف اور صرف لیڈر شپ کی۔اس ملک کی بربادی کا اگر کوئی ذمہ دار ہے تو وہ صرف عمران خان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد کے ایک نجی شادی ہال میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مریم نواز نے اپنی تقریر کا آغاز عمران خان کے نام سے شروع کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور ملک کی بربادی کا اگر کوئی ذمہ دار ہے تو وہ صرف او ر صرف عمران خان اور اس کا ٹولہ ہے۔خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی حفاظت پر خرچ ہونیوالا پیسہ عمران خان کی حفاظت اور عیاشیوں پر خرچ ہوتا رہا جس کی وجہ سے پشاور بم دھماکے جیسا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔اس سب کا عمران خان کو حساب دینا ہو گا چاہیے وہ زمان پارک میں چھپے یا بنی گالا میں۔ عمران خان جیسے ذہنی مریض کو بائیس کروڑ عوام پر مسلط کر کے پاکستان کا نا قابل تلافی نقصان کیا ہے کیونکہ عمران خان کو عوام سے کوئی سروکار نہیں وہ غرور اور تکبر سے بھرا ہوا شخص ہے۔آج مہنگائی کا رونا رونے والا اور شور مچانے والا یہ بھول گیا ہے کہ یہ مہنگائی اس کی دی ہوئی ہے آئی ایم ایف سے معائدہ اسی نے کیا تھا اور اس معائدہ کے تحت مہنگائی ہوئی ہے۔اس کی نہ نیت صاف ہے اور نہ ہی دامن اسے اپنی چوریوں کا حساب دینا ہو گا۔اب وہ وقت بھی نہیں رہا کہ اس نے خیبر پختونخواہ میں چوریاں چھپانے کے لئے احتساب کے اداروں کو تالے لگائے ہوئے تھے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر یہ موازنہ کرتا ہے تو خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں دس سالوں کا موازنہ کرے اسے لگ پتہ جائے گا۔ نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر میرا ہاتھ پکڑ کر عدالتوں میں پیش ہوتے رہے آج جب اس کی باری آئی تو یہ پہلے زمان پارک اور اب بنی گالا میں چھپا بیٹھا ہے اور میڈیا کے ذریعے ورکروں کو گمراہ کر رہا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرنے والا ہے۔ ورکر کیوں جیل جائیں پہلے تم جاؤ جو اس سارے کئے دھرے کا ذمہ دار ہو۔شاہ محمود قریشی نے نواز شریف سے زیادتی کا اعتراف کیا ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے اپنے لئے سزا بھی تجویز کریں۔ کیونکہ زیادتی نواز شریف کے ساتھ ساتھ اس ملک سے ہوئی ہے اور نا قابل تلافی ہوئی ہے جس کا ازالہ بہت دیر لگنے کے بعد ہو گا۔ نواز شریف کے دور میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے جبکہ اس نے چار سالوں میں پاکستان کا بیڑہ غرق کر دیا جسے سنبھالنے میں شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں۔پاکستان میں اگر کوئی ترقی لا سکتا ہے تو وہ صرف اور صرف نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتی ہوں کہ پاکستان کو بھنور سے یہی نکال سکتے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اس کی ٹانگ زخمی نہیں سب ڈرامے کر رہا ہے ان ڈراموں کو چھوڑوں اور عدالتوں میں پیش ہو کر اپنی چوریاں بتاؤ۔فرح گوگی اس کی فرنٹ مین جو اربوں روپے لے کر دوبئی بھاگ گئی۔ زمینوں پر قبضے کے کاغذات اور تمام لوٹ مار کے دستاویزات پر اسی کے لئے دستخط ہیں۔ یہ کبھی ایجنسیوں پر مارنے کا الزام لگا تا ہے اور کبھی آصف زرداری پر۔ یہ صرف اور صرف اپنی انا کو بچا رہا ہے کیونکہ اسے پتہ ہے کہ میں تاریخ کے کوڑے دان کا کچرا ہوں اور جلد اس میں ڈال دیا جاؤں گا۔پاکستان اورقوم کے خلاف ہر سازش کا سرغنہ یہی ہے اس لئے یہ جہاں بھی چھپے اسے حساب دینا پڑے گا۔مہنگائی کا رونا رونے والوں نواز شریف کے دور میں روٹی کی قیمت دو روپے تھی اور اب اس کی دی ہوئی مہنگائی میں روٹی کی قیمت پندرہ روپے ہے۔اس کو پاکستان قوم کبھی معاف نہیں کریگی۔

صوبہ ہزارہ کے نعرے لگنے پر مریم نواز نے کہا کہ میرا دل بھی چاہتا ہے کہ صوبہ ہزارہ بنے لیکن صوبہ بننے کے لئے دو تہائی اکثریت کی اسمبلی میں ضرورت ہوتی ہے آپ دو تہائی اکثریت دیں مل کر صوبہ ہزارہ بنائیں گے۔ پروگرام کے دوران آئی لو یو مریم نواز مریم نواز اور ٹیرن کے پاپا چور ٹیرن کے پاپا چور کے نعرے لگتے رہے۔ مریم نوا ز نے اپنی تقریر کا آغاز بھی عمران خان کے نام سے کیا اور اختتام بھی عمران خان کے نام سے کیا۔ انجینئر امیر مقام اور ایم پی اے و مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صوبائی صدر اورنگزیب نلوٹھہ نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب اور مریم نواز کو ہزارہ کی روایتی چادریں اوڑائیں۔ مریم نواز کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام بھی سٹیج پر موجود تھے جبکہ مقامی قائدین میں وفاقی وزیر سردار شاہجہان یوسف ٗ ایم پی اے و مسلم لیگ یوتھ ونگ خیبر پختونخواہ کے صدر اورنگزیب نلوٹھہ ٗ سردار مہتاب احمد خان عباسی کے بھائی سابق ایم پی اے سردار فرید خان بھی سٹیج پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!