خیبرپختونخواہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، ڈی آئی جی ہزارہ۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) خیبرپختونخواہ پولیس کے شہداء کے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہزارہ ریجن کے ہیڈ کواٹر ایبٹ آباد میں ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع ایبٹ آباد کے شہداء کے خاندان کے افراد نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ انکے علاوہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز، کمشنر ہزارہ ریاض محسود خان، جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، ڈی پی او ایبٹ آباد بابر ظہورآفریدی، ڈی سی ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایم این اے عظمی خان جدون و دیگر پولیس افسران و جوانوں کے علاوہ پرنٹ و الیکڑانک میڈیا کے نمائندگان، تاجر برداری کے عہدیداران اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض ایس پی انوسٹی گیشن محمد اشتیاق خان نے سرانجام دیے، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

ڈی آئی جی ہزارہ میرویس نیاز نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیس فورس کی قربانیاں لازوال ہیں ہم شہداء اور انکیاہل خانہ کو کبھی بھی نہیں بھولے شہداء زندہ ہیں وہ اور انکی فیملیز ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ پاکستان پولیس میں 7285 شہداء نے پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیئے ہیں جن میں خیبرپختونخواہ پولیس کے 1770 شہداء، پنجاب پولیس کے 1560شہداء، سندھ پولیس کے 2355شہداء، بلوچستان پولیس کے 980 شہداء،اسلام آباد پولیس کے 60شہداء، موٹر وے پولیس کے 45 شہداء، ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کے 25 شہداء، گلگت بلتستان پولیس کے 50شہداء اور آزاد کشمیر کے 25،فرنٹیئرکے 380 جبکہ ریلوے پولیس کے 35 شہداء ہیں یہ صرف 7285 شہداء کی قربانیاں نہیں بلکہ 7285 خاندانوں کی لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کبھی بھولا نہیں جاسکتا۔ خیبرپختونخواہ پولیس فورس اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، ریجنل سطح پر ہیروز آف ہزارہ ٹرسٹ ہر شہید کی یوم شہداء پر انکے گھر جاتے ہیں اور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہیں ہیروز آف ہزارہ میں پولیس شہداء کیساتھ محکمہ جنگلات کے شہداء کو بھی ہیروز آف ہزارہ میں شامل کیا گیا ہے۔ ہم ان خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بہادر سپوتوں کو جنم دیا جنہوں نے ہمارے لیے اپنی قیمتی جانوں کی قربانی پیش کی۔ وردی کا فرض ادا کرناآسان بات نہیں کہ جب اس بات کا علم ہو کہ ہم دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے نشانے پر ہیں لیکن ہم نے یہ وردی اس لیے اپنے سینوں پر سجائی ہے کہ ہم نے اپنے ملک اور عوام کی حفاظت کرنی ہے چاہیے اس کیلئے ہماری جان ہی کیوں نہ چلی جائے اور دنیا میں سب سے بڑی اور قیمتی قربانی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا ہی ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ ہزارہ پولیس کا پرائیویٹ سکول نیٹ ورک کیساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہوا ہے جس میں ہزارہ کے تمام اضلاع کے پرائیویٹ سکولوں میں شہداء کے بچوں کو داخلہ و ماہانہ فیسوں میں کافی حد تک رعایت دی جاتی ہے اسکے علاوہ میڈیکل لیبارٹریز، میڈیکل سٹورز اور پرائیویٹ ہسپتالوں کیساتھ بھی معاہدے ہوچکے ہیں جن میں پولیس ملازمین کیساتھ پولیس شہداء کی فیملیز کو بھی طبی سہولیات میں رعایت دی جاتی ہے۔اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ نے پروگرام میں شریک پرنٹ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے نمائندگان کی توسط سے پاکستان کے تمام میڈیا والوں کو یہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میری یہ گزارش ہے کہ پاکستان میں کسی بھی جگہ جب بھی کوئی پولیس اہلکار کسی واقعہ میں شہید ہوجائے تو اس کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر شہید کے لقب سے لکھا اور پکارا جائے ناکہ جاں بحق یا ہلاک کے لقب سے کیونکہ جب کسی شہید پولیس اہلکار کو جاں بحق یا ہلاک لکھا یا پکارا جاتا تو اس سے اسکے خاندان کے ساتھ ساتھ پولیس کے دیگر افسران و جوانوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ کے علاوہ کمشنر ہزارہ ریاض محسود خان، جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، ڈی پی او ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی اور ایم این اے عظمی ریاض جدون نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھی جائیں گی ہم شہداء کے اہل خانہ کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ اکیلے نہیں ہے ہم ہمیشہ انکے ساتھ ہیں انکے بچے ہمارے بچے ہیں اور ہم ہر پلیٹ فارم پر انکے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گے آج جو پاکستان اور خصوصا خیبرپختونخواہ میں امن و امان کی فضاء قائم ہے وہ پاک آرمی کیساتھ ساتھ پولیس کے شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز، کمشنر ہزارہ ریاض محسود خان، جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، ڈی پی او ایبٹ آباد بابر ظہورآفریدی، ڈی سی ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ایم این اے عظمی خان جدون نے ایبٹ آباد پولیس کے شہداء کے اہل خان میں اعزازی سرٹیفکیٹ و نقد انعامات تقسیم کیئے اور بعد ازاں واک کا بھی اختتام کیا گیا جو کہ ڈسٹرکٹ کونسل ہال سے شروع ہوکر ٹی ایم اے دفتر کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!