مشتاق احمد غنی شملہ ہل پر تعمیر ہونے والے ایبٹ آباد ایڈونچر پارک اور کرکٹ سٹیڈیم کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے پہنچ گئے۔ اہم اعلان کر دیئے۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) ہمارا ویژن ہے کہ ایبٹ آباد کو سیاحت کا مرکز بنائیں جسکے لیے ہم نے نہ صرف باقاعدہ منصوبہ بندی کر لی ہے بلکہ عملی اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے شملہ ہل پر تعمیر ہونے والے ایبٹ آباد ایڈونچر پارک اور کرکٹ سٹیڈیم کے تعمیراتی کام کی سائیٹ کے دورے کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کو اس موقع پر کنسلٹنٹ اور دیگر متعلقہ افسران کی طرف سے منصوبوں پر مکمل بریفننگ بھی دی گئی۔ مشتاق احمد غنی نے کہا شملہ پہاڑ پر زیر تعمیر ایبٹ آباد ایڈونچر پارک اور کرکٹ سٹیڈیم پر جو ٹیمیں کام کر رہی ہیں انکی کارکردگی پر مطمئن ہوں اور نظر آ رہا ہے کہ منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل کو طے کر رہے ہیں۔ مشتاق غنی نے کہا کہ ایبٹ آباد ایڈونچر پارک اور کرکٹ سٹیڈیم نہ صرف ایبٹ آباد کی عوام بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے سیاحوں کے لیے منفرد منصوبہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 734 کنال رقبے پر مشتمل یہ منصوبہ پوری طرح قدرتی حسن کی عکاسی کرے گا اور ہمارے کوشش بھی یہی ہے کہ کنکریٹ کا استعمال کم سے کم کر کے قدرتی نظارے کے بھرپور جھلک اس منصوبے میں لائی جائے۔ مشتاق غنی نے کہا کہ ایبٹ آباد ایڈونچر پارک میں تفریحی سرگرمیوں کے لیے مختلف کارنرز بنائیں گے جس میں ریسٹورینٹ، بار بی کیو پوائنٹس، واکنگ ٹریک و دیگر ایسے یونٹ بنیں گے جو کہ فیملیز کو ادھر مکمل تفریح فراہم کریں گے۔

سپیکر اسمبلی نے کہا کہ ایڈونچر پارک کے ساتھ ملحق زیر تعمیر کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ اگلے مرحلے میں باسکٹ بال اور بیڈمنٹن کورٹ بنانے کی تجویز پر بھی غور شروع ہے۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ان منصوبوں پر جس رفتار سے کام جاری ہے تو یہ بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچیں گے اور ایبٹ آباد کی عوام کے لیے تحریک انصاف کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ثابت ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکے علاوہ سربن پہاڑ کے اوپر پارک بھی تجویز کیا ہوا ہے جو کہ KPCIP 2 میں شامل کیا جائے گا۔ مشتاق غنی نے کہا اس وقت KPCIP 1 پر کام شروع ہے جس میں ایڈونچر پارک و کرکٹ سٹیڈیم کی 80 ارب روپے کی سکیم کے علاوہ 10 ارب کی گریویٹی فلو سکیم، 40 کروڑ کی ایبٹ آباد شہر کی اپ لفٹنگ، علاوہ ازیں سلہڈ ڈمپنگ سائیٹ کی منتقلی جہاں موجودہ سلہڈ ڈمپنگ سائیٹ والی جگہ پر ایک خوبصورت پارک بنایا جائے گا تاکہ شہر کا داخلی راستہ خوبصورت ہو اسکے علاوہ بھی دیگر منصوبہ جات پر پر کام شروع ہے۔ مشتاق غنی نے کہا کہ KPCIP2 میں پانی کی نکاسی کے نظام کو بہتر کیا جائے گا تاکہ لوگوں کے گھروں میں پانی نہ داخل ہو اور خصوصی طور پر مانسہرہ روڈ کے اطراف پر دکانوں اور گھروں کو پانی سے بچایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کا ایک بڑا مسئلہ ٹریفک کا رہتا ہے جس کو حل کرنے کے لیے ہم نے دہمتوڑ بائی پاس تعمیر کیا جس سے کافی حد تک ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی اور مزید اس وقت سربن چوک پر اور ہیڈ پل پر کام بھی شروع ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ اور سبزی منڈی کی شہر سے باہر منتقلی پر بھی کام ہونا ہے جس سے ٹریفک کا بہاؤ اور بھی بہتر ہو جائے گا اور شہر کی خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ یہ تمام منصوبے اپنی پوری رفتار سے جاری ہیں اور اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!