نومئی واقعات:دس جے آئی ٹیز تشکیل۔پانچ 5 فوجی عدالتوں کی تجویز۔

جناح ہاؤس لاہور اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملوں کی تحقیقات کیلئے پنجاب حکومت نے 10 جے آئی ٹی تشکیل دیدیں۔
فوجی عدالتیں لاہور 2 راولپنڈی میں قائم کرنیکی تجویز ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا، وزارت دفاع۔
لاہور(وائس آف ہزارہ) پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے 10 مختلف جے آئی ٹیز تشکیل دے دی ہیں، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیمیں جناح ہاؤس لاہور سمیت مختلف فوجی تنصیبات، سرکاری و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان اور حملہ آوروں کی شناخت و تفتیش کریں گی، جے آئی ٹیز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا اور جے آئی ٹی کے سربراہ بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں جو کور کمانڈر ہاؤس لاہور، جی ایچ کیو راولپنڈی، سرگودھا ایئر ہیں میانوالی اور دیگر مقامات پر کئے گئے حملوں کی تحقیقات کریں گی۔ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاوس حملے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاوس پر حملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی کامران عادل کو جے آئی ٹی کا سر براہ مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ایس ایس پی صہیب اشرف رضا، زاہد تیمور خان اور محمد سرور جے آئی ٹی کے اراکین میں شامل ہوں گے۔ مشتعل افراد کی جانب سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسند عناصر کی گرفتاریوں اور شناخت کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک متعدد افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، جب کہ جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شر پسندوں اور سیاسی جماعت کے درمیان رابطوں کے ثبوت بھی مل گئے ہیں۔ حملے کی تحقیقات کے دوران جیوفینسنگ کے ذریعے شر پسندوں اور سیاسی رہنماوں کے درمیان بات چیت اور میسجنگ کے ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں۔

اسلام آباد(وائس آف ہزارہ) وزارت دفاع نے ابتدائی طور پر متعلقہ قانون کے تحت 5 خصوصی عدالتوں کے قیام کی تجویز دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت دفاع نے ابتدائی طور پر متعلقہ قانون کے تحت 5 خصوصی عدالتوں کے قیام کی تجویز دی ہے، متعلقہ قانون کے تحت 3 فوجی عدالتیں راولپنڈی اور 2 لاہور میں قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی ایکٹ کے دائرہ کار میں آنے والے کیسز کی حیثیت خصوصی ہوگی۔ خصوصی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!