سوزوکی ڈرائیور نے بجلی کے پول پرکام کرنیوالے واپڈاملازم کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

نتھیاگلی(وائس آف ہزارہ) سوزوکی ڈرائیور نے بجلی کے پول پرکام کرنیوالے واپڈاملازم کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔ مقامی لوگوں کا ریسکیو کیخلاف احتجاج۔ اس ضمن میں ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ پیسکو نتھیاگلی سب ڈویژن کالائن مین ناصر شاہ بجلی کی مرمت کیلئے پول پر چڑھا ہواتھاکہ ایک مقامی سوزوکی گاڑی کے ڈرائیور نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپڈا کی تار کو گاڑی میں پھنسا لیا۔ جس کی وجہ سے ناصر شاہ بجلی کے پول سے نیچے آگرا۔ جسے مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ اس دوران ریسکیو کے اہلکاروں کو بھی کال کی گئی۔ جب ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے تو اس وقت تک ناصر موت کی وادی میں پہنچ چکاتھا۔ جس پر مقامی لوگوں نے ریسکیو اہلکاروں کو لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیوہسپتال ایبٹ آباد منتقل کرنے کا کہاتاکہ لاش کا پوسٹمارٹم کیاجاسکے۔ تاہم ریسکیو اہلکاروں نے لاش کوڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے سے معذرت کرلی۔ جس پر ریسکیو کیخلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا۔

اس حوالے سے ریسکیو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے جانبحق ہونے والے لائن مین کی میت کو چارسدہ منتقل کرنے پر اصرارکیا۔ریسکیوانتظامیہ کا مقامی لوگوں کو ریسکیو قوانین کے مطابق جسد خاکی یا نعش کو ضلع سے باہر نہ لے جانے کی اجازت پر معذرت کی گئی۔ ریسکیو ایمبولینس میں زندگی بچانے کے آلات اور طبی امداد کے لیے اہلکار موجود ہوتے ہیں جن کو غیر ایمرجنسی میں مصروف رکھ کر کسی اور کی ایمرجنسی میں زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا۔ ریسکیو کی ایمبولینس سروس ایمرجنسی کے دوران خدمات فراہم کرنے اور ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال علاج معالجے کے لیے منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے، ریسکیو انتظامیہ اس حوالے سے جسد خاکی کو ایوب میڈیکل کمپلیکس یا ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کی مجاز ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!