کون بنے گا وائس چیئرمین ایبٹ آباد کینٹ؟ فواد علی جدون سب سے کامیاب ممبر نکلے۔نبیل اشرف تنولی کیساتھ گیم ہوگئی۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) ایک زرداری سب پے بھاری: پیپلزپارٹی کے ممبر کینٹ بورڈ فواد علی جدون نے مخصوص نشست بھی حاصل کرلی۔پی ٹی آئی کے دانیال خان جدون وائس چیئرمین کینٹ بورڈ کنفرم ہوگئے۔ اس ضمن میں ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ وارڈ نمبر پانچ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فواد علی جدون کے پاکستان تحریک انصاف کیساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔ فواد علی جدون نے پاکستان تحریک انصاف کیساتھ مشروط اتحاد کے بعد ایک مخصوص نشست، وارڈ نمبر پانچ کیلئے ساڑھے تین کروڑ روپے کے فنڈز اور پندرہ کلاس فور کی ملازمتوں کی یقین دہانی کے بعد وائس چیئرمین کینٹ کے الیکشن کیلئے ووٹ دینے کا وعدہ کیاہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مخصوص نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک طیب اعوان اور سابق ممبر کینٹ بورڈ ارشد اعوان کی نامزدگیاں کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وائس چیئرمین کینٹ اور مخصوص نشستوں پر انتخابات منگل کے روز منعقد ہونگے۔ ان انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے ممبر کینٹ بورڈ وارڈ نمبر سات دلاور خان لاپتہ ہیں۔ جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پاس صرف تین ممبر رہ گئے ہیں۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف اپنے چار ممبران اور پیپلزپارٹی کے امیدوار فواد علی جدون کی حمایت کے بعد واضح برتری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان تحریک انصاف باآسانی اپنا وائس چیئرمین منتخب کروالے گی اور دو مخصوص نشستیں بھی حاصل کر لے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے وارڈ نمبر دس سے ممبر کینٹ بورڈ نبیل اشرف تنولی کو وائس چیئرمین کا امیدوار نامزد کیاگیا تھا۔ تاہم واجد خان جدون کو وائس چیئرمین نہ بنانے کے باعث پاکستان مسلم لیگ(ن) میں پھوٹ پڑ گئی ہے۔ پارٹی قیادت کی عدم دلچسپی کے باعث مسلم لیگ(ن) اپنا وائس چیئرمین نہیں بناسکی۔جبکہ ایک ممبردلاور خان کے غائب ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ(ن) کی پوزیشن خراب ہو گئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائدین کینٹ بورڈ کے وائس چیئرمین کے الیکشن والے روز مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں اور ان کی دلچسپی ایبٹ آباد کنٹونمنٹ کے انتخابات میں نہ ہونے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!