احمد حسین مجاہد کو تمغہ حسن کارکردگی ملنے کی خوشی میں ایک پروگرام برائیٹ ہال ایجوکیشن سسٹم میں تقریب۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ)معروف شاعر، ادیب اور بین الاقوامی گرونانک ایوارڈ کے حامل احمد حسین مجاہد کو تمغہ حسن کارکردگی ملنے کی خوشی میں ایک پروگرام برائیٹ ہال ایجوکیشن سسٹم میں منعقد ہوا۔ جس کا انعقاد برائیٹ ہال لٹریری سوسائٹی اورادبی تنظیم قلم کاررواں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ پروگرام کی صدارت کے فرائض میجر امان اللہ امان نے انجام دیئے، مہمان خصوصی راجہ اظہر علی خان جبکہ مہمان اعزاز ڈائریکٹر کامسیٹس سید معروف شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر اسد لودھی تھے۔ بلال ٹاؤن میں واقع ڈاکٹر عبدالقدیر خان کیمپس میں منعقدہ پروگرام میں شعراء، ادیبوں کے ساتھ ساتھ علم و ادب سے شغفٖ رکھنے والے چنیدہ افراد اور طلباء نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر عادل سعید قریشی، سہیل احمد صمیم، قاضی ناصر بختیار خان، اسد خان ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔ جس کی نظامت کے فرائض اردو اور ہندکو کے قادرالکلام شاعر احمد ریاض نے انجام دیئے، احمد ریاض نے مقررین کی تقاریر کے درمیانی وقفوں میں احمد حسین مجاہد کے کلام سے منتخب کلام سنا کر پروگرام کی دلچسپی کو برقرار رکھا۔ نوجوان شاعر خرم شاہ نے احمد حسین شاہ کے کلام بارے نہایت عرق ریزی سے لکھا گیا مقالہ پیش کر کے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ جبکہ تاج الدین تاجؔ اور اظہر علی خان نے احمد حسین مجاہد کے ساتھ گزری یادوں کا احاطہ کرتے ہوئے ان کے علمی و فنی محاسن کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر کامسیٹس سید معروف شاہ نے اپنی تقریر میں احمد حسین مجاہد کے نعتیہ اشعار پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دربار رسالت میں نہایت انکساری اور عاجزی کے ساتھ جس محبت اور خلاص کا اظہار کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ صدر مجلس امان اللہ امان نے احمد حسین مجاہد کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی ا نہوں نے کہا کہ احمد حسین مجاہد اس اعزاز کے لیے طویل عرصہ سے اہلیت رکھتے تھے تاہم دیر آید درست آید کے مصداق انہیں تمغہ حسن کارکردگی ملنا اہلیان ہزارہ کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ تقریب کے دولہا احمد حسین مجاہد نے اپنے خطاب میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور مقررین کی جانب سے اٹھائے جانے والے نکات کی مختصراً وضاحت کی۔ تقریب کے اختتام پر احمد حسین مجاہد کو برائیٹ ہال ایجوکیشن سسٹم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راجہ قدیر اقبال نے اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ ادبی تنظیم قلم کارروان کے جنرل ایکرٹری سہیل احمد صمیم اور شہباز لاحسن جدون نے بھی اپنے ادارہ کی طرف سے شیلڈ پیش کی۔ پروفیسر ناصر داؤد نے ا حمد حسین مجاہد کو خوبصورت شال جبکہ راجہ اظہر علی خان فن پارے کا تحفہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!