پشاور جیل میں دوسرے دو بھی خونریز تصادم متعد قیدی اہلکار زخمی۔ پولیس کا لاٹھی چارج اور شیلنگ۔

خصوصی نفری طلب، متعدد زخمی ہسپتال منتقل، 5 خطر ناک قیدی مردان اور نوشہرہ بھجوا دئیے گئے۔
جیل میں بغاوت کی صورتحال، انتظامیہ کی سفارشات محکمہ جیل خانہ جات کو ارسال، 100 قیدی دوسری جیلوں میں منتقل کرنیکا فیصلہ۔
پشاور(وائس آف ہزارہ) سنٹرل جیل پشاور میں 2 گروپوں کے درمیان دوسرے روز بھی خونریز تصادم ہوا جس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے اور قیدیوں پر قابو پانے کیلئے لاٹھی چارج کے علاوہ آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا۔ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے نتیجے میں کئی قیدی اور پولیس اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں بعض کو ہسپتال منتقل کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ صورتحال بے قابو ہونے کے بعد سنٹرل جیل پشاور میں خصوصی پولیس فورس طلب کی گئی جبکہ جیل انتظامیہ نے 5 خطر ناک قیدیوں کو سنٹرل جیل مردان اور نوشہرہ سب جیل منتقل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز بھی سنٹرل جیل میں ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس میں ایک قیدی شدید زخمی ہو گیا تھا جس کی وجہ سے گزشتہ روز پیرکس بند رکھے گئے اور قیدیوں کو بیرکس میں قید رکھا گیا جس پر دوسرے قیدی بھی سراپا احتجاج بن گئے تھے اور ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سنٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کے دو گروہوں کے درمیان دوبارہ خونریز تصادم ہوا جبکہ قیدیوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا جبکہ تالے بھی توڑ دیئے تھے۔ لڑائی جھگڑے کے دوران نہ صرف قیدیوں نے ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑ دیئے تھے بلکہ ہنگامہ آرائی اور لاٹھی چارج کے باعث کئی قیدی و پولیس اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حالات بے قابو ہونے کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج شروع کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے کئی قیدیوں کی حالت غیر ہوگئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے حالات قابو کرنے کیلئے اسپیشل فورس بھی طلب کرلی تھی جہاں جیل کے اندر بغاوت کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی اور پولیس اہلکاروں کو بھی مارا پیٹا گیا۔ اس دوران دیگر قیدیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور رمضان کے مہینے میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خدمات بھی شدید متاثر ہوئی۔ دوسری جانب جیل انتظامیہ بھی تنازعہ حل کرنے میں ناکام دکھائی دی۔ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل مقصود خان کے مطابق قیدیوں کے مخالف گروپوں کے مابین جھگڑا ہوا جس میں 4 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جھگڑے میں ملوث قیدیوں کی دشمنی ہے اور قیدیوں کے جھگڑے کے دوران بیچ بچاؤ میں جیل اہلکاروں کو معمولی زخم آئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے اور جھگڑے میں ملوث قیدیوں کو مختلف جیلوں میں بھیجا جا رہا ہے۔ بعد ازاں قیدیوں کو اپنی اپنی بارکس میں زبردستی بند کر دیا گیا تھا جبکہ نوٹیفیکیشن جاری کر کے 4 قیدیوں کو سنٹرل جیل مردان اور 1 کو نوشہرہ سب جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس مسرت ہلالی نے بھی سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا تھا جس کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!