اغواء کار عورت ایوب ٹیچنگ ہسپتال سے ڈیڑھ سال کا بچہ اغواء کرکے فرار۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) اغواء کار عورت ایوب ٹیچنگ ہسپتال سے ڈیڑھ سال کا بچہ اغواء کرکے فرار۔ عورت کی تلاش جاری۔تھانہ میرپور میں مقدمہ درج کر لیاگیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ ڈھانگری مانسہرہ کے رہائشی جہانزیب کے گھر میں ایک مشکوک عورت نے آناجانا شروع کردیا۔ اس نامعلوم عورت نے جہانزیب کی بیوی سے کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں غریبوں کی امداد کی جارہی ہے۔ آپ کا ڈیڑھ سال کا بچہ اکبر خان بیمار بھی ہے۔ آپ میرے ساتھ آئیں وہاں آپ کو نقد امداد بھی مل جائے گی اور بچے کا چیک اپ بھی کروا دونگی۔ ذرائع کے مطابق بدھ کے روز مذکورہ عورت جہانزیب کی اہلیہ اور اس کے بچے کو لیکر ایوب ٹیچنگ ہسپتال آئی۔ جہاں اس نے بچے کی تصویر بنانے کا کہا اور تصویر بنانے کے بہانے بچے کو اغواء کرکے غائب ہوگئی۔ جب مذکورہ عورت کافی دیر تک نہ آئی تو واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ جس پر ایس ایچ او میرپور کیڈٹ غفور قریشی، ڈی ایس پی میرپور ہسپتال پہنچ گئے۔ شام تک مذکورہ عورت کو تلاش کیاگیا۔ لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ جس کے بعد تھانہ میرپور میں بچے کے اغواء کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!