محمد بشیر کو قتل جبکہ خاتون سمیت دو افراد کو گولیاں مار کر زخمی کرنیوالے ملزمان کو پولیس گرفتار کرنے میں مکمل ناکام۔

مانسہرہ (وائس آف ہزارہ) دو ہفتے قبل محمد بشیر کو قتل جبکہ خاتون سمیت دو افراد کو گولیاں مار کر زخمی کرنیوالے ملزمان کو پولیس گرفتار کرنے میں مکمل ناکام۔ ورثاء سراپا احتجاج۔ آئی جی خیبرپختونخواہ سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ اس ضمن میں رشید الحسن ولد محمد انور خان،سکنہ حفیظ بانڈی مانسہرہ نے پندرہ جون کو تھانہ خاکی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ جائیداد کے تنازعہ کی وجہ سے دانش ولد تنویر، وسیم ولد رفیق، ماجد ولد روشن، حبیب ولد نصیرکے ساتھ جھگڑا چلا آ رہا تھا۔ پچیس سالہ حسن ہمشیریاں پل سے گزر رہا تھا کہ دانش ولد تنویرنے اسے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔جسے کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ میرا بھائی محمد بشیر اور سرتاج بی بی ہسپتال جا رہے تھے کہ دانش ولد تنویر، وسیم ولد رفیق، ماجد ولد روشن، حبیب ولد نصیرنے راستہ روک کر ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ جس کے نتیجے میں میرا بھائی محمد بشیر موقع پر مارا گیا جبکہ سرتاج بی بی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئی۔ رشید الحسن کی رپورٹ پر تھانہ خاکی میں نامزد ملزمان کیخلاف علت نمبر:255 زیر دفعات 302, 324/34 پی پی سی درج کیا گیا۔
مقتول اور زخمی ہونے والے افراد کے ورثاء نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مانسہرہ کا تھانہ خاکی ملزمان کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ نامزد ملزمان سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔ پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی۔ ہماری آئی جی خیبرپختونخواہ سے اپیل ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!