کفر ٹوٹا خداخدا کرکے: ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے سلہڈ ڈمپنگ سائیٹ پر نو تعمیر کردہ میٹریل ریکوری فیسیلیٹی کا افتتاح کردیا گیا۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے سلہڈ ڈمپنگ سائیٹ پر نو تعمیر کردہ میٹریل ریکوری فیسیلیٹی(ایم آر ایف) کا افتتاح کردیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا میجر ذوالفقار احمد(ر)، چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا انجینئر ریحان یوسف،ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا خالد خان سدوزئی اور پروجیکٹ منیجر آکسفیم فرح منورکے علاوہ عمر اصغر خان فاؤنڈیشن، کامسیٹس یونیورسٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
ایم آر ایف اور کمپوسٹ پلانٹ کی تعمیر سے کنج وارڈ 11اور ملحقہ علاقوں کا کچرا سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگا یا جائے گا۔ اس منصوبے کی کامیابی کے بعد یہی ماڈل بڑے پیمانے پر دہرایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا، چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا اور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا نے آکسفیم پاکستان کے زیرِاہتمام ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے سلہڈ ڈمپنگ گراؤنڈ میں تعمیر کردہ مٹیریل ریکوری فیسیلیٹی کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کے شرکاء کو ڈپٹی منیجر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ انجینئر جاوید عباسی نے پلانٹ کی کارکردگی اور استعداد کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
طارق سلام مروت نے کہا کہ ایم آر ایف چلانا واسا ایبٹ آباد کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا لیکن واسا کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہ ممکن لگ رہا ہے کہ وہ اس فیسیلیٹی کو بہترین انداز سے چلا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور واسا آفسران وقتاً فوقتاً نگرانی کے لئے پلانٹ کا دورہ و معائنہ کرتے رہیں گے۔
افتتاحی تقریب کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا میجر ذوالفقار احمد(ر) نے آکسفام پاکستان کواس اہم منصوبے کو بروقت مکمل کرنے پر سراہا اور بہر صورت مذکورہ پلانٹ کو چلانے کا بھرپوراعادہ کیا۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا انجینئر ریحان یوسف نے آ کسفیم پاکستان کا شہریوں کو فراہم کی جانے والے میونسپل سروسز میں بہتری کے لئے کردار ادا کرنے پرشکریہ ادا کیا اور آکسفیم کی جانب سے فراہم کردہ تمام وسائل کو صحیح طرح استعمال کرنے کی یقین دلائی۔اس موقع پر انہوں نے تقریب میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز اور آکسفیم پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پروجیکٹ آفیسر آکسفیم فرح منور نے پورے منصوبے کی تینوں جزوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اور بہترین تعاون و رہنمائی پر تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر واسا انجینئر ریحان یوسف اور پروجیکٹ آفیسر آکسفیم پاکستان فرح منور نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے اور منصوبے کے تمام کاغذات اور دیگر متعلقہ اشیاء واسا ایبٹ آباد کے حوالے کی گئیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!