ایبٹ آباد میں مسلم لیگ ن کے مئیر امیدوارکا معاملہ مزید گھمبیر صورت اختیار کر گیا۔

ایبٹ آباد (وائس آف ہزارہ)مسلم لیگ ن کے مئیر امیدوارکا معاملہ مزید گھمبیر صورت اختیار کر گیا۔ ایک جانب شمعون یار خان کی رہائش گاہ پر ٹکٹ ملنے کے شادیانے تو دوسری جانب ضلعی قیادت نے مرکز کی جانب سے کسی بھی فیصلے کو مسترد کرنے کا واضح عندیہ دے دیا۔ٹکٹ کا فیصلہ ضلعی قیادت کی تائید سے صوبائی قیادت کریگی:صوبائی صدر۔
مرتضی جاوید عباسی کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کا ہنگامی اجلاس۔جیپ گروپ کو ٹکٹ ملنے کی خبروں پر تشویش کا اظہار۔. ضلعی قیادت کو بائی پاس کر کے کوئی بھی فیصلہ ہوا تو اس کے سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
مرتضی جاوید عباسی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ہنگامی میٹنگ میں تحصیل و ضلع ایبٹ آباد اور تحصیل حویلیاں کی قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلعی صدر ملک مہابت اعوان،سینئرنائب صدر ملک ربنواز،جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی،نبیل عباسی،سابق اراکین ضلع کونسل محمد ناہید اعوان،شوکت ہارون خان سمیت بڑی تعداد میں قائدین و کارکنان موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی صدر مرتضی جاوید عباسی نے یقین دلایا کہ ٹکٹ کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔پارٹی کی سینئر قیادت نے پارٹی اختلافات کو ختم کرنے کیلیے کوششیں ضرور کی ہیں لیکن کوئی اگر ٹکٹ کے حوالے سے دعوے کرتا ہے تو وہ بے بنیاد ہیں۔ہم کل بھی کارکنوں کیساتھ کھڑے تھے اور آج بھی ساتھ ہیں ہمارا جو بھی فیصلہ ہوا پارٹی کے اتحاد اور بہتری کیلیے ہو گا۔تاہم مرتضی جاوید عباسی کی مفاہمانہ حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ضلعی صدر ملک مہابت اعوان نے کہا آج تک ضلع ایبٹ میں پارٹی کو نقصان پہنچایا وہ لوگ واضح ہیں جنہوں نے ہر انتخابات میں پارٹی کو دھوکہ دیا۔گذشتہ انتخابات میں عین وقت پر ٹکٹ واپس کرکے پارٹی کی یقینی کامیابی کو شکست میں بدلا۔اگر مرکزی قیادت مصلحتوں کا شکار ہو رہی ہے تو ہم کسی ایسے فیصلے کو نہیں مانیں گے جس سے کارکنوں میں بددلی پھیلے۔

نبیل عباسی نے کہا عین وقت پر پیراشوٹرز کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کسی صورت قابل قبول نہیں جبکہ ناہید اعوان کا کہنا تھا صوبائی قیادت کا مجہول رویہ نہ صرف ان کے اپنے بلکہ اپنے وقار کیلیے خطرناک ہے۔صوبائی و مرکزی قیادت کو واضح اور ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے ورنہ پارٹی کو ایک بار پھر ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔کارکنوں اور ضلع قیادت کی شدید تنقید کے بعد صوبائی صدر مرتضی جاوید عباسی نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ٹکٹ کا فیصلہ ضلعی و صوبائی قیادت کی مشاورت سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!