خیبر پختونخواہ کا بلدیاتی نظام ہوا تبدیل،تحصیل ناظم ہو گا بادشاہ،تحصیل ناظم کو ماتحت محکموں کے افسران کیخلاف تحقیقات کے اختیارات مل گئے۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) خیبر پختونخوا حکومت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا۔ بلدیات کے مروجہ قوانین میں 61ترامیم کی جائیں گی۔ بلدیاتی اداروں کیلئے صوبائی ترقیاتی پروگرام کی بجائے خصوصی ترقیاتی گرانٹ کا 30فیصد مختص کیا جائیگا۔ ضلع اور ٹاؤن کونسل ختم کرکے تحصیل ناظم کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ ویلج و نیبر ہڈ کونسل میں ارکان کی تعداد بھی کم کر دی گئی ہے۔ محکمہ بلدیات کی جانب سے تیار کئے گئے ترمیمی مسودے کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کی 23سیکشنزمیں ترامیم کی جائیں گی، 10سکیشنز، دو باب اور دو شیڈول ختم کئے جائیں گے 16سیکشنز، دو باب اور دو شیڈولز کو تبدیل کیا جائیگا جبکہ دو سیکشنز اور دو شیڈول نئے شامل کئے جائیں گے۔ مجوزہ ترمیمی مسودے میں صوبائی وارڈز ختم کرنے، ویلج و نیبر ہڈ کونسل کو 5سے 15ہزار کی آبادی پر مشتمل کر نے، حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کودینے اور تحصیل ناظم کے براہ راست انتخاب کا طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے 2013کے قانون میں مقامی حکومتوں کے ماتحت 24محکموں کو کم کرکے انکی تعداد 9 رکھنے کی تجویز ہے۔

جن میں ابتدائی و ثانوی تعلیم، بنیادی صحت، سماجی بہبود، کھیل، ثقافت و امور نوجوانان، زراعت ولائیوسٹاک، آن فارم واٹر مینجمنٹ و سائل کنزرویشنز، بہبود آبادی، میونسپل سروسز، دیہی ترقی اور کوآرڈینیشن شامل ہیں۔تحصیل ناظم ضرورت پڑنے پر پولیس طلب کر سکے گا تاہم ان کے اخراجات تحصیل کونسل کے ذمے ہوں گے۔ صوبائی فنانس کمیشن میں تحصیل ناظمین کو شامل کرنے، ویلج و نیبر ہڈ کونسل کی سطح پر ترقیاتی پروگرام منصوبہ وار منظور کرنے اورتحصیل ناظم کو ماتحت محکموں کے افسران کیخلاف بوقت ضرورت تحقیقات کی سفارش کرنے کے اختیارات دیئے جائیں گے تاہم افسران کیخلاف کارروائی صوبائی حکومت کر یگی۔ تحصیل ناظم کو اپنے ماتحت محکموں کے افسران کو ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنیکا اختیار حاصل ہو گا جبکہ تحصیل کونسل میں سالانہ بجٹ پیش کرنا لازمی ہو گا اگر کونسل مالی سال کے آغاز تک بجٹ منظور نہ کرسکی تو ناظم کا پیش کردہ بجٹ ہی حتمی تصور ہو گا۔ ویلج و نیبر ہڈ کونسل کے ناظمین تحصیل کونسل کے ارکان ہوں گے۔ پشاور میں شہری کونسل قائم کی جائیگی جو صوبہ بھر سے مختلف ہو گی۔ گلیوں اور چوراہوں میں موجود لاوارث جانوروں کی دیکھ بھال اور پالتو جانوروں کی ایک علاقے سے دوسرے علاقے منتقلی پر ویلج و نیبر ہڈ کونسل نظر رکھے گی جبکہ مقامی سطح پر سماجی اعشاریوں اور ڈیٹاجمع کرنے کی ذمہ داری بھی ویلج و نیبر ہڈ کونسل کو دینے کی تجویز ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!