اخباری مالکان کا قبضہ: خیبرپختونخواہ حکومت نے سوات پریس کلب کو سیل کردیا۔

سوات(وائس آف ہزارہ) اخباری مالکان کا قبضہ: خیبرپختونخواہ حکومت نے سوات پریس کلب کو سیل کردیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ سوات سے شائع ہونے والی اخبارات کے مالکان نے سوات پریس کلب پر قبضہ جما رکھاتھا اور ان لوگوں نے غیرصحافتی افراد کو سوات پریس کلب کا ممبر بناکر اپنا ایک گروپ بنا رکھاتھا۔ جبکہ حقیقی پیشہ ور صحافیوں کیلئے سوات پریس کلب کے دروازے بند کررکھے تھے۔ جس پر صحافیوں نے حکومت خیبرپختونخواہ اور محکمہ اطلاعات کے افسران کو درخواستیں دیں۔ جس پر حکومت نے دونوں فریقین کو معاملات حل کرنے کی مہلت دی۔ اخباری مالکان نے اپنی ہٹ دھرمی جاری رکھی اور صحافیوں کو پریس کلب کی ممبر شپ نہیں دی۔ جس پر ہفتہ کے روز حکومت خیبرپختونخواہ نے سوات پریس کلب کو سیل کردیا۔

سوات کے صحافیوں نے حکومت کی جانب سے سوات پریس کلب سیل کرنے پر حکومت کا شکریہ اداکیا ہے اور حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ سینئر اور فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں اور الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت نے ہماری درخواست پر یہ اقدام کیا ہے۔سرکاری پریس کلب پر اخباری مالکان کا قبضہ ہے اور پریس کلب کو ڈھال بنا کر ذاتی مفادات حاصل کئے جارہے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے اس اقدام کے حق میں آج اتوار کو یوم تشکر منایا جائیگا اور صحافی مکان باغ چوک میں جمع ہو کرمٹھائیاں تقسیم کریں گے۔بیان میں بعض ممبران اسمبلی کی جانب سے بے جا مداخلت اور فریق بننے کی شدید مذمت کی گئی اور کہاگیا کہ ان لوگوں نے فریق بننے کی کوشش کی تو ان کے گھروں کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!