علی اصغرخان نے سٹی میئر کیلئے نہ کردی۔ مظہر خان جدون کی راہ ہموار۔ سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی گروپوں میں مفاہمت آخری مراحل۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) علی اصغرخان نے سٹی میئر کیلئے نہ کردی۔ مظہر خان جدون کی راہ ہموار۔ سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی گروپوں میں مفاہمت آخری مراحل۔ اس ضمن میں ذرائع نے وائس آف ہزارہ کو بتایاکہ سٹی میئر ایبٹ آباد کے الیکشن کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے علی اصغرخان کو میدان میں لانے کیلئے مشاورت کی گئی۔ تاہم علی اصغرخان نے سٹی میئر کا الیکشن لڑنے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے پاس کوئی بھی اور مضبوط امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے مظہر خان جدون کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی کے گروپوں میں سٹی میئر اور تحصیل حویلیاں اورلورہ کے چیئرمین کیلئے مفاہمت آخری مراحل میں ہے۔ذرائع کے مطابق سردار مہتاب سٹی میئر کیلئے اپنے بیٹے سابق ایم پی اے شمعون یار خان کو میدان میں لانا چاہتے ہیں جبکہ ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی اپنے بھائی کو چیئرمین تحصیل لورہ کیلئے میدان میں لارہے ہیں۔ اس سلسلے میں سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی کے مابین ون ٹو ون ایک ملاقات بھی ہوچکی ہے۔ جس میں معاملات طے پا چکے ہیں۔ جبکہ دوسری ملاقات میں تمام امور کو فائنل کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق تحصیل لورہ میں سردار مہتاب گروپ مرتضیٰ جاوید عباسی کے بھائی کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں لائے گاجبکہ مرتضی جاوید عباسی گروپ سٹی میئرایبٹ آباد کیلئے شمعون یار خان کے مقابلے میں بھی کوئی امیدوار نہیں لائے گا۔ذرائع کے مطابق تحصیل حویلیاں میں مرتضیٰ جاوید عباسی گروپ اپنا امیدوار لائے گا۔ جبکہ تحصیل لوئر تناول میں سردار مہتاب گروپ اپناامیدوار مسلم لیگ(ن) کی جانب سے نامزد کرے گا۔ذرائع کے مطابق تحصیل حویلیاں کیلئے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی نبیل عباسی کا نام تقریباً فائنل کرلیا گیاہے۔

سٹی میئر کے الیکشن کیلئے سابق ایم پی اے سردار ادریس بھی مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کیلئے سرگرم تھے۔ تاہم مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار مہتاب گروپ میں مفاہمت کے بعد سردار ادریس کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ ملنا مشکل ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سردار ادریس جے یو آئی کے ٹکٹ پرسٹی میئر کے الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔

سٹی میئر ایبٹ آباد کیلئے اس وقت سب سے زیادہ مضبوط امیدوار سابق ضلع ناظم سردار شیربہادر ہیں۔ جوگلیات سے پچاس جبکہ رش کے علاقہ سے بیس سے تیس فیصد ووٹ حاصل کرنے کی واضح پوزیشن میں ہیں۔ دوسرے نمبر پر سابق ایم پی اے سردار ادریس بھی ایک مضبوط امیدوار ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخواہ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) نے حالیہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں صرف تین تحصیلوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جن میں ہری پور کی تحصیل غازی اور خانپور بھی شامل ہیں۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو مسلم لیگ(ن) بھی عوام میں پذیرائی کھو چکی ہے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سٹی میئر کا الیکشن لڑنے والا کوئی بھی امیدوار بھی سٹی میئر کی سیٹ جیت سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!