گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج:پبلک سروس کمیشن کاپرچہ من پسند لڑکی کوحل کرانے پر احتجاج۔ کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔

ایبٹ آباد(وائس آف ہزارہ) پبلک سروس کمیشن کاپرچہ من پسند لڑکی کوحل کرانے پر احتجاج۔ کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ روز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون ایبٹ آباد میں لیکچرشپ کیلئے پبلک سروس کمیشن کی جانب سے انگریزی کے امتحان کا انعقاد کیاگیا۔ اس امتحان میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون کے انگریزی کے پروفیسروں کی ڈیوٹی بھی لگادی گئی۔اصولی اورقانونی طور پرجس مضمون کا امتحان لیاجارہا ہو، اس مضمون کا پروفیسر یا لیکچرار ڈیوٹی نہیں کرسکتا۔ تاکہ امتحان کو مزید شفاف بنایاجاسکے۔ تاہم انگریزی کے پرچے کیلئے انگریزی کے لیکچرار اور پروفیسروں کی ڈیوٹی لگادی گئی۔

ذرائع کے مطابق گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون کے انگریزی کا ایک لیکچرار بھی امتحانی ہال میں ڈیوٹی کررہاتھا۔جواپنی ایک من پسند لڑکی کو ایم سی کیوز حل کروا رہاتھا۔ لیکچرار موصوف پرچہ دینے والی لڑکی کے قریب سے گزرتے وقت اس کو سوال کا جواب بتادیتاتھا۔ جس پر پرچہ دینے والی دیگر لڑکیوں اور لڑکوں نے احتجاج شروع کردیا۔ جس پر امتحان لینے والے ذمہ داروں نے لیکچرار اور پرچہ دینے والی لڑکی کو امتحانی ہال سے باہر لے گئے۔ تاہم معاملے کو دبادیاگیا۔

ذرائع کے مطابق امتحانی ہال میں ڈیوٹی کرنے والے بہت سے پروفیسر اور لیکچرارکے پاس موبائل فون بھی ہوتاہے۔ جو انٹرنیٹ کی مدد سے بھی اپنے من پسند امیدواروں کی مدد کرتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی ایس ایس اور پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے دوران امتحانی عملے پر بھی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!