تحصیل ایبٹ آباد، لوئرتناول، حویلیاں اور لورہ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوار تقریباً فائنل کر لئے گئے۔

ایبٹ آباد (وائس آف ہزارہ) بلدیاتی الیکشن: سٹی میئرکیلئے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملات آخری مراحل میں پہنچ گئے۔سابق ضلع ناظم سردار شیربہادر بڑے اپ سیٹ کی پوزیشن میں۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ سٹی میئر ایبٹ آباد کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن) کے پاس مضبوط امیدوار نہیں ہیں۔ سابق ضلع ناظم سردار شیربہادر اپنی الیکشن مہم چلائے ہوئے ہیں۔ سردار شیربہادر آمدہ بلدیاتی الیکشن میں ایک بڑے اپ سیٹ کی پوزیشن میں ہیں۔ گلیات سرکل میں سردار شیربہادر کے پاس وسیع ووٹ بنک موجود ہے۔ جبکہ علاقہ رش میں وہ بیس فیصد ووٹ حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سٹی میئر کیلئے تین امیدواروں کو فائنل کیاہے۔ جن میں سابق ایم پی اے سردار محمد ادریس، پاکستان تحریک انصاف ہزارہ ریجن کے صدر علی اصغرخان اور سابق ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی مرحوم کے صاحبزادے سردار شجاع نبی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قائدین کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے سردار ادریس کو دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ لیکن وزیر اعظم عمران خان نے سردار ادریس کو پارٹی میں لینے سے انکار کردیا۔ کیونکہ سردار ادریس نے سینٹ الیکشن میں اپنا ووٹ پانچ کروڑ روپے کے عوض فروخت کیا۔ جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے انکار کے بعد سردار ادریس نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علی اصغرخان نے سٹی میئر کا الیکشن لڑنے سے معذرت کرلی ہے۔ تاہم ان پر بدستور الیکشن لڑنے کے حوالے سے دباؤ ہے۔ اگر علی اصغرخان میدان میں نہ آئے تو اس صورت میں سردار شجاع نبی کو ٹکٹ دیئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے سابق ایم پی اے سردار شمعون یار کو سٹی میئر ایبٹ آباد کیلئے تقریباً فائنل کرلیاگیاہے۔ جبکہ تحصیل لوئر تناول کیلئے دلدار تنولی کا نام فائنل ہے۔ پی ٹی آئی قائدین تحصیل لوئر تناول میں سابق ضلع نائب ناظم ملک جنید تنولی کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دلوانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ لیکن ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے سابق تحصیل ناظم اسحاق زکریہ ایک مضبوط امیدوار ہیں۔ جو ٹکٹ کے بغیر بھی الیکشن جیتنے کی واضح پوزیشن میں ہیں۔ کیونکہ انہوں نے ایبٹ آباد کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے اور لوئر تناول میں بھی ان کی پوزیشن مضبوط اور مستحکم ہے۔ اسحاق زکریہ کی مقبولیت سے خائف ان کے مخالفین دن رات سوشل میڈیا پر ان کیخلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں۔

تحصیل حویلیاں کیلئے پی ٹی آئی قائدین کی جانب سے بستی بلند خان سے تعلق رکھنے والے اسلم زر خان کیساتھ سال 2018ء کے انتخابات میں وعدہ کیا گیاتھا کہ بلدیاتی انتخابات میں انہیں موقع دیا جائے گا۔ اسلم زر خان بھی تحصیل چیئرمین حویلیاں کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے سابق ضلع نائب ناظم بابو جاوید بھی امیدوار ہیں۔ اسلم زر خان یا بابو جاوید میں سے کسی ایک کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دیاجائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کیلئے حویلیاں میں دو امیدوار سرگرم عمل ہیں۔ جن میں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی نبیل عباسی اور سابق تحصیل ناظم حویلیاں سردار ارسل پرویز شامل ہیں۔ حویلیاں میں مرتضیٰ جاوید عباسی گروپ نبیل عباسی کو ٹکٹ دلوانے میں جبکہ مہتاب عباسی گروپ سردار ارسل پرویز کیلئے سرگرم عمل ہے۔ اگر ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ مرتضیٰ جاوید عباسی گروپ نے کیا تو نبیل عباسی کو مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ ملنے کے قوی امکانات ہیں۔

تحصیل لورہ میں مسلم لیگی ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی کے بھائی چیئرمین تحصیل کا الیکشن لڑنے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور قوی امکان ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ مرتضیٰ جاوید عباسی کے بھائی طاہر کو ملے گا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے تحصیل لورہ کیلئے کئی امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جارہاہے۔ تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیاگیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!