ایبٹ آباد‘قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کا مرتکب ہونے والے مخبوط الحواس شخص گرفتار۔

قلندرآباد(وائس آف ہزارہ)قلندرآباد میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کا مرتکب ہونے والے مخبوط الحواس شخص گرفتار،علاقہ میں شدید غم وغصہ،علماء و کرام کا اجلاس،پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو واقعہ کیاصل حقائق منظرعام پر لانے کیلئے تین روز کی مہلت۔واقعہ ہفتہ کی صبح دس سے گیارہ بجے کے درمیان نکہ پانی مانگل کٹھہ میں پیش آیا،جہاں عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق ایک نیم پاگل شخص قرآن پاک کی بے حرمتی کا مرتکب ہوا،جسے وہاں جمع ہونے والے مقامی افراد نے پکڑ کر مانگل پولیس کے حوالے کردیا،جہاں وہ اس وقت پولیس حراست میں موجود ہے۔ایس ایچ او تھانہ مانگل شہزاد خان جدون نے اس حوالے سے بتایا کہ مذکورہ شخص بظاہر مخبوط الحواس دکھائی دے رہا ہے،جو ماسوائے دو تین الفاظ کے علاوہ کچھ بھی نہیں بتارہا،البتہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم جلد اصل حقائق تک پہنچ جائیں گے۔

دوسری جانب واقعہ کے خلاف علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے،اور علماء اور عمائدین کے ایک وفد نے ایس ایچ او مانگل سے بھی ملاقات کی ہے جبکہ پیر کے روز ایک وفد ڈی پی او سے بھی ملاقات کریگا۔اس حوالے سے مرکزی جامع مسجد قلندرآباد میں علماء اور عمائدین کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا،جس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ جس طرح حالیہ دنوں میں قرآن پاک کی توہین کے متعدد افسوسناک واقعات منظر عام پر آچکے ہیں ان حالات میں انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام پہلوؤں سے واقعات کی چھان بین کرتے ہوئے اصل حقائق تک پہنچے تاکہ عام مسلمانوں میں اشتعال نہ پھیلے۔علماء کرام نے کہا انہیں مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر پورا اعتماد ہے اس لئے ہم سوموار تک انتظار کریں گے کہ وہ حالیہ واقعہ کی کس حد تک تفتیش کرتے ہیں ہم اس وقت تک پرامن رہیں گے،لیکن اگر اصل حقائق سامنے نہ لائے گئے تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔


یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران

نیوز ہزارہ

error: Content is protected !!